تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کے زیراہتمام میلاد مارچ

تحریک منہاج القرآن ڈہرکی کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے حوالے سے میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت صدر تحریک منہاج القرآن سندھ مخدوم ندیم احمد ہاشمی نے کی جبکہ دیگر مہمانوں میں جنرل سیکرٹری سندھ سید کامران پرویز قادری، میاں رحمت اللہ قادری (صدر ڈھرکی پاکستان مسلم لیگ ن)، ایڈوکیٹ سلیم اختر ملک اور سیف اللہ قادری (صدر تحریک منہاج القرآن ڈھرکی) تھے۔ میلاد مارچ میں علاقہ بھر سے بھی کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

میلاد مارچ کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد سرکار دوعالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ تلاوت و نعت کے بعد باقاعدہ میلاد مارچ کا آغاز ہوا۔

میلاد مارچ درگاہ بھرچونڈی شریف چوک سے شروع ہوا، جو کہ مختلف راستوں سے ہوتا ہوا ڈہرکی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا۔ ریلی میں شریک سینکڑوں افراد نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حضور علیہ الصلوۃ والسلام سے والہانہ محبت و عقیدت کے جملے درج کیے ہوئے تھے۔ اس موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور شہر کو سبز رنگ کے پرچموں سے سنوارہ گیا تھا۔

میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن سندھ مخدوم ندیم احمد ہاشمی اور سید کامران پرویز قادری و دیگر نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد اس مہینے میں ہوئی اس لیے ہم تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی آمد کے مہینے کو بھرپور انداز میں منائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہو رہی ہے کہ آج کا نوجوان باشعور ہے اور اس کی رغبت اسلام کی طرف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پورے ملک میں ربیع الاول اور سرکار کی آمد کی خوشی میں پروگرام ترتیب دیے جارہے، اسی سلسلے میں 12 ربیع الاول کو مینار پاکستان لاہور پر عظیم الشان میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جو کہ دنیا کی سب سے بڑی میلاد کی محفل ہوتی ہے۔

آخر پر صلوۃ و سلام اور خصوصی دعا کے ساتھ میلاد مارچ اپنے اختتام کو پہنچا۔

رپورٹ زاہد علی مصطفوی ڈہرکی سندھ

تبصرہ

Top