عوامی تحریک یونان کا ’میری پہچان پاکستان‘ سیمینار‎

مورخہ: 25 مارچ 2018ء

پاکستان عوامی تحریک یونان کے زیراہتمام ایتھنز کے معروف ہوٹل ’’اورین ان‘‘ میں 25 مارچ کو ’’میری پہچان پاکستان‘‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی قائم مقام صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان مرزا امجد جان تھے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا اور آج قائد اعظم کے نقش قدم پر چلنے کی اشد ضرورت ہے۔ مملکت خدادا لازوال قربانیوں سے معرض وجود میں آیا، جس کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے جس کا احترام کرنا ساری پاکستانی قوم پر واجب ہے۔

محمد اسلم چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائد محمد علی جناح کی محنت شاقہ کا نتیجہ ہے جس کی تکمیل اور سنوارنے کا کام ڈاکٹر طاہرالقادری کر رہے ہیں۔ آج پاکستان میں استحصالی نظام، وڈیرا شاہی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا راج ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری غریب اور مزدور طبقہ کے حق کو کرپشن کے ذریعے چھیننے والے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف علم جہاد بلند کر رہے ہیں اور قوم کے بہتر مستقبل کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔

صدر پاکستان عوامی تحریک یونان ڈاکٹر عبدالرزاق نے کہا کہ مضبوط پاکستان کے لئے فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے ہر محب وطن پاکستانی کو ایسا کردار ادا کرنا چاہیے کہ بین الاقوامی سطح پر ہماری عزت ہو اور ملک پاکستان میں عوامی شعور کو بلند کرنے کے لیے پاکستان عوامی تحریک کے قائد کے ویثرن کو ہر سطح پر پھیلانا ہوگا جس کے مطابق ووٹ کے تقدس کی بحالی جب تک نہیں ہوگی پاکستان میں تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ پاکستان کی موجودہ قیادتیں اس اہل نہیں ہیں جو پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں اس لئے عوام کو اپنے حقوق کے لیے علم جہاد بلند کرنا ہوگا۔

دیگر مقررین میں بانی رہنما پی ٹی آئی یونان راجہ آصف کیانی، صدر پاک کشمیر ویلفیئر سوسائٹی راجہ محمد زبیر، صدرپاکستان کمیونٹی یونان چوہدری شاہد نواز وڑائچ، ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر ماراتھونا صوفی عبیداللہ چشتی، ناظم منہاج القران انٹرنیشنل یونان محمد شاہد بٹ، سابق صدر پاکستان عوامی تحریک یونان چوہدری مدثر خادم سوہل اور ڈپٹی آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک یونان چوہدری عمران اسلم پسوال نے بھی پروگرام میں اظہار خیال کیا۔

تقریب میں معروف شاعر، مصنف، افسانہ نگار، کالم نگار الحاج محمد بشیر شاد اور سینئرصحافی نعیم مراز نے خوبصورت کلام بسلسلہ یوم پاکستان پیش کیا۔ پروگرام کے اختتام پر ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی ایتھنز علامہ محمد نواز ہزاروی نے امت مسلمہ کی ترقی، پاکستان کی سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

تبصرہ

Top