آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ماہانہ محفل ختم الصلوٰۃ کا انعقاد

مورخہ: 20 مارچ 2015ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام مورخہ 20 مارچ 2015ء کو پورٹ لیس کی جامع مسجد میں ماہانہ محفل ختم الصلوٰۃ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے منہاج القرآن سے وابستہ افراد، زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ سعید نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محمد رضوان نے پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض وسیم بٹ نے ادا کئے۔ وسیم بٹ نے اپنے ابتدائی کلمات میں بتایا کہ اس سے قبل ہماری گوشہ درود کی محفل صرف لمرک شہر میں تھی مگر اب ان محافل کو آئرلینڈ کے دیگر شہروں تک پھیلایا جا رہا ہے۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپنے دلوں کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جلا بخشنی اور قربت محبوب مقصود ہو تو درود وسلام سے بڑا وظیفہ نہیں ہوسکتا۔ آج کے اس پرفتن دور میں لوگون سے تعلق جوڑنے اور اپنی پریشانیوں کے لئے ان کے آگے ہاتھ پھیلانے سے بہتر ہے کہ اپنے تعلق کو گنبد خضرا کے مکین سے جوڑا جائے اور اس تعلق کی مضبوطی کا واحد ذریعہ درودوسلام کے نذرانے ہیں۔

گوشہ درود کی محفل کی صدارت کرتے ہوئے پیر غلام دستگیر نے کہا امت مسلمہ کا آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ جو تعلق کمزور ہو گیا ہے اس کو پختہ کرنے اور نوجوان نسل کو اس طرف راغب کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں پوری دنیا میں حلقات درود کا قیام ا س کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

محفل کے اختتام پر جملہ شرکا نے اجتماعی طور پر درود پاک کا ورد کیا اور دعائے خیر سے محفل کا اختتام ہوا۔ محفل کے بعد شرکاء کو لنگر پیش کیا گیا۔

رپورٹ: وسیم بٹ

تبصرہ

Top