آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام شہدائے کربلا کی یاد میں محفل

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام مورخہ 04 اکتوبر 2015 کو سید سجاد شاہ کی رہائش گاہ پر شہدائے کربلا کی یاد میں محفل منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے منہاج القرآن سے وابستہ افراد، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ جنید نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرقان اسلم، محمد سعید اور حافظ جنید نے پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض حافظ صدیق نقشبندی نے ادا کئے۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا مقصد غلبہ حق اور شہادت عظمیٰ کے سوا کچھ نہ تھا، ان کے نزدیک اقتدار کا حصول یا سلطنت نہ تھا۔ شاید اسی لئے انہوں نے اپنے ذاتی اقتدار کے لئے انسانیت کا خون ناحق بہانے سے اجتناب کیا۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ اہلبیت سے محبت کرنے والو! اب وقت آن پہنچا ہے۔ حسینیت کے کردار کو اپنے قول وعمل میں زندہ کرو، یزیدی کردار کے حامل کرداروں کو پہچانو! یزیدیت تمہیں توڑنے اور تمہارے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے۔

محفل کے اختتام پر حمید معید نے حلقہ ذکر اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درودوسلام کا نظرانہ پیش کیا۔ جملہ شرکا نے اجتماعی طور پر درود پاک کا ورد کیا، سید سجاد شاہ کے والد سابق ڈائریکٹر محکمہ اوقاف اور چیئرمیں داتا دربار کمیٹی سید حاجی غلام حسین نقشبندی نے دعا فرمائی۔ محفل میں پیر غلام دستگیر، علامہ محمد عدیل، حافظ جنید، حافظ سعید، معید حمید، حافظ صدیق نقشبندی، محمد اکبر حسین، وقاص احمد، مدثر نذیر بھٹی نے خصوصی شرکت کی۔

رپورٹ: وسیم بٹ

تبصرہ

Top