آئر لینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص)
ڈبلین: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد 17 مئی 2016 کو ڈبلین میں مرزا رضوان بیگ کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے عہدیداران، تحریک انصاف آئرلینڈ کے صدر چوہدری عمران خورشید، دربار عالیہ چراغیہ والٹن (لاہور) کے سجادہ نشین پیر سید حافظ جواد حیدر شاہ، سید حماد حیدر شاہ، ڈاکٹر سلیم خان، مدثر علی، چوہدری عارف، رضوان احمد طور، سید ذیشان شاہ، سید سجاد شاہ، سرفراز احمد، میاں شہزاد حافظ محمد آصف، حافظ غضنفر، فرقان اسلم اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد شرکاء نے حلقہ بنا کر نبی اکرم صلی الہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ مرزا رضوان بیگ نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی جبکہ رضوان احمد نور، سید ذیشان شاہ، چوہدری عارف اور پیر سید حافظ جواد حیدر شاہ نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ وسیم بٹ نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے مرکزی رہنما وسیم بٹ نے اپنے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور درود وسلام کے فضائل بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے امت مسلمہ کا رشتہ غلامی اور تعلق حبی و عشقی کمزور ہوتا جا رہا ہے، اسے پھر سے مضبوط و مستحکم کرنے اور نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مزید پختہ کرنے کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے گوشئہ درود قائم کیا ہے۔ درود و سلام تعلق مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مضبوط کرنے کا نسخہ ہے۔
ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلیند کے امیر علامہ محمد عدیل نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور ادب عبادت کی قبولیت کا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ درود و سلام حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق عشق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام بھیجنا خود اللہ پاک کی سنت ہ۔ اور یہ واحد عمل ہے جو اللہ پاک کی بارگاہ میں قطعی القبول ہے۔
مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اختتام پر حافظ محمد آصف نے امت مسلمہ کی سلامتی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور شیخ اسلام کی صحتیابی کے لیے دعا کی۔ مرزا رضوان بیگ کے بھائی اور والد مرحوم کے لیے بخشش و مغفرت کی دعا کی گئی۔
تبصرہ