آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی (ص) کا انعقاد
ڈبلن: منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام مجلسِ ختم الصلوٰۃ علیٰ النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ڈبلن میں علامہ محمد عدیل کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں علامہ شہزاد عاشق قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ مجلس میں تحریک انصاف آئرلینڈ کے چیئرمین عتیق باجوہ، صدر بیرسٹر عمران خورشید، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد عارف، ماہنامہ قدامت آئرلینڈ کے ایڈیٹر انچیف محمد عمار علی اور برے اسلامک سینٹر کے آرگنائزر وارث علی سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران، کارکنان اور سماجی شخصیات شریک تھیں۔
مجلسِ ختم الصلوٰۃ کا آغاز بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ درود و سلام پیش کرنے سے ہوا۔ شرکاء نے حلقہ بنا کر عقیدت و احترام سے نذرانہ درود پیش کیا۔ جس کے بعد حافظ تنویر احمد نے تلاوتِ کلامِ پاک سے محفل کا آغاز کیا۔ سید سجاد شاہ، سید توصیف شاہ، فرقان اسلم اور وسیم بٹ نے نعتِ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہزاد عاشق نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل اس مادیت زدہ دور میں درودوسلام کے ذریعے قرآن اور صاحبِ قرآن سے تعلقِ حبی کو جوڑ رہی ہے۔ درودوسلام اللہ تعالیٰ کی سنت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے چہرے پر لگے شدت پسندی کے داغ کو دھو ڈالا ہے۔
علامہ محمد عدیل نے اس موقع پر کہا کہ اورسیز پاکستانیوں کے دل اہلِ وطن کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے سانحہ کوئٹہ پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ اختتامی دعا میں شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور سانحہ کوئٹہ و سانحہ ماڈل ٹاؤن اور دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے افراد کے لیے بلندئ درجات کی دعا کی گئی۔
رپورٹ: فرخ وسیم بٹ
تبصرہ