آئرلینڈ: درود و سلام کی روحانی محفل کا انعقاد

لمرک آئرلینڈ ۔۔۔ فرخ وسیم بٹ ۔۔۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام منہاج نعت کونسل آئرلینڈ کے رکن علی بٹ قادری کی رہائشگاہ لمرک میں درود و سلام کی ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین اور سیاسی سماجی مذہبی اہم شخصیات کے علاوہ بچوں نے بھی بھر پور شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت عزیر سلطان نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منہاج نعت کونسل آئرلینڈ کے رکن علی بٹ قادری نے ادا کی، اس کے بعد تمام شرکاء محفل نے اجتماعی طور پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور درود شریف پڑھا۔

اس موقع پر منہاج القرآن آئرلینڈ کے میڈیا سیکرٹری احمد فیاض نے درود و سلام کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درودوسلام ایک منفرد اور بے مثل عبادت شاندار و مقبول عمل اور قرب خداوندی و قرب نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بہترین ذریعہ ہے، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجنے کے عمل کا سنت الہیہ ہونا جہاں شان مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بے مثلیت کی نمائندگی کرتا ہے وہاں اس عمل خاص کی فضیلت بھی حسین پیرائے میں اجاگر کرتا ہے یہ وہ مقدس عمل ہے جو ہمیشہ کے لئے زوال و انحطاط اور تغیر و تبدیلی کے اثرات سے محفوظ ہے کیونکہ یہ سنت الہیہ ہے اور سنت الہیہ میں کوئی تبدیلی نہیں آتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم اس دیار غیر میں اپنے ایمان اور اپنی نسلوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے لئے اس طرح کی محافل کا انعقاد کرنا بہت ضروری ہے۔

محفل کے دوران نماز عصر اور مغرب باجماعت ادا کی گئی اور بعد میں حلقہ ذکر بھی منعقد ہوا جس میں اجتماعی طور پر ذکر کیا گیا۔ آخر میں تمام حاضرین نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں کھڑے ہو کر درود و سلام پیش کیا اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمدطاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

میزبان علی بٹ قادری نے معزز مہمانوں کی آمد پر کلمات تشکر بھی ادا کیے جس کے بعد حاضرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا اس محفل میں جن شخصیات نے شرکت کی ان میں حاجی میاں عبدالقدیر، احمد فیاض، نعیم اشرف، ذیشان احمد، محمد طارق، محمد سرمند، میجر (ر) یاسر محمود، مدثر آغا، حبیب خان، وسیم بٹ جبکہ بچوں میں اسامہ قدیر، علی بٹ قادری، عزیر سلطان اور ذوہیب بٹ قادری شامل تھے۔

تبصرہ

Top