آئرلینڈ میں قائد ڈے پر ورچوئل سفیر امن کانفرنس
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام ایک ورچوئل سفیر امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین کے علاوہ آئرلینڈ کی اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
سفیر امن کانفرنس میں علامہ ذیشان قادری، پیر شیراز حسین قادری، ڈاکٹر گلزار احمد، ڈاکٹر عبدالقدیر، سید ذیشان شاہ، رضوان احمد طور، مدثر بھٹی، علامہ محمد عدیل، سید عمار علی، محی الدین، ارسلان خان، احمد فیاض، جنید خالد، افتخار احمد، یاسر ایوب، عبدالمنان، زوب انصاری اور وسیم بٹ شامل تھے۔
کانفرنس میں منہاج القرآن لندن کے ڈائریکٹر علامہ محمد ذیشان قادری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علامہ ذیشان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تخلیق آدمؑ کے ساتھ ہی اللہ تعالی نے انسان کی رہنمائی اور ہدایت کے لیے انبیاء اور رسل عظام کو بھیجنا شروع کر دیا، جو اپنے اپنے دور کے حالات اور تقاضوں کے مطابق نسل انسانی میں علم و فکر، تعلیم و تربیت، عبادت و ریاضت اور شعور کی بیداری کے لیے کام کرتے رہے۔ آج جدید دور میں شیخ الاسلام اور منہاج القرآن اس پیغمبری طرز دعوت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
دیگر مقررین میں پیر شیراز حسین قادری، علامہ محمد عدیل اور احمد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 19 فروری ہمارے لئے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ تحریک کو اپنے ہر خیال و فکر اور عمل کے اندر ڈھالیں گے اور مصطفوی انقلاب کے مشن کو اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا بنائیں گے۔
امت مسلمہ کی نشاة ثانیہ اور احیائےکے عالمگیر مقصد کو پورا کرنے کے لئے شیخ الاسلام نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی، جس کا تعلیمی نیٹ ورک پوری آب و تاب کے ساتھ دنیا کے 90 ممالک میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن دور حاضر کی ایک ایسی دینی انقلابی تحریک ہے جس کے دعوتی، تبلیغی، اخلاقی، روحانی، فکری و اجتہادی اور تحریکی و تنظیمی پروگرام نے اہل ایمان کے نظریات، اصلاح امت اور غلبہ دین حق کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس سے پہلے کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا جس کی سعادت ڈاکٹر گلزار احمد اور جنید خالد نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض راقم وسیم بٹ نے ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور شیخ الاسلام کی 70 ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے سفیر امن کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔
آخر میں پیر شیراز حسین قادری نے تمام امت مسلمہ اور بالخصوص شیخ الاسلام کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
تبصرہ