اسلام آباد : امید نو طلبہ کنونشن 2012ء

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام مورخہ 17 اکتوبر 2012ء بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں امید نو طلبہ کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی اور شہر بھر سے سٹوڈنٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کنونشن کے مہمانان خصوصی مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان تجمل حسین انقلابی تھے۔ دیگر مہمانوں میں مرکزی سینئر نائب صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف، صدر ایم ایس ایم اسلام آباد محمد قاسم مرزا شامل ہیں۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مرکزی ناظم اعلیٰ کہا کہ آج قومی و بین الاقوامی سطح پر درپیش دگرگوں حالات دردمند لوگوں اور خصوصاً نوجوان نسل کیلئے بہت سے ابہام، تشکیک اور مایوسی پیدا کرنے کا باعث ہیں، مصطفوی طلبہ ان حالات میں یقین کی شمعیں روشن کر رہے ہیں اور اندھیروں کے خلاف جہاد کرنے والے مصطفوی شاہین بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے وطن واپسی پر ان کا شاندار اور والہانہ استقبال کریں گے اور اس استقبال کو محض استقبال نہیں بلکہ تبدیلی کے آغاز کا دن بنا دیں گے۔ یہ دن پاکستان کی تقدیر بدل کے رکھ دے گا۔ انہوں نے ایم ایس ایم کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تجمل حسین انقلابی صدر ایم ایس ایم نے کہا کہ باطل نظام کو جڑ سے اکھاڑنے اور حق کو غالب کرنے میں ہمیشہ طلبہ نے اہم کردار ادا کیا۔ انقلابات عالم کا مطالعہ کریں تو یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ طلبہ نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا، پاکستان کی تقدیر ضرور بدلے گی، قوم ضرور بیدار ہوگی، اندھیری رات کا خاتمہ ہوگا۔ ہمیں اپنی علمی، فکری اور روحانی صلاحیتوں کو مجتمع کر کے میدان عمل میں کودنا ہوگا اور مفاد پرستوں کو بتانا ہوگا کہ حیدر کرار کے وارث اور خالد جانباز کے سپاہی زندہ ہیں۔

تبصرہ

Top