نا اہل سیاستدانوں نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو تکلیف دی: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 23 مارچ 2014ء

استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد شروع کی ہے جو منزل مقصود کے حصول تک جاری رہے گی
عوام کھوٹے اور کھرے میں امتیاز کرتے ہوئے ایسی قیادتوں سے جان چھڑائیں جو قومی غیرت کو بیچنا اپنا فرض سمجھتے ہیں
پاکستان کودنیا میں باوقار معاشی مقام دلانے میں طلباء اور نوجوانوں کا کردار کلیدی نوعیت کا ہو گا
پاکستان عوامی تحریک لاہور کے تحت یوم پاکستان کے موقع پر نکالی گئی ’’جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی‘‘ سے مقررین کا خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے سیکر ٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ جیسا مخلص، درد مند اور انتھک محنت کرنے والا لیڈر میسر ہو تو کرہ ارضی پر ملک حاصل کرنا بھی ممکن ہو جاتا ہے اور اگر قیادت کا بحران رہے تو 66 سال بعد بھی ملکی بقا ہی سب سے بڑا مسئلہ رہتا ہے۔ پاکستان میں کسی بھی حکمران نے اداروں کے استحکام پر توجہ نہیں دی۔ فرد کو طاقتور اور سیاسی پارٹیوں پر مخصوص خاندانوں کی اجارہ داری قائم رکھنے پر توانائیاں خرچ کی گئیں۔ قرارداد پاکستان کا مقصد صرف علیحدہ ریاست حاصل کرنا نہ تھا بلکہ ایک ایسا آزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں مسلمان اپنے عقائدکے مطابق اندرونی اور بیرونی دباؤ سے آزاد ہو کر عمل کر سکیں۔ انصاف اور مساوات کے اصول ہوں، سب کو بنیادی حقوق انکی دہلیز پر پہنچائے جاتے۔ لیکن افسوس ہمارے نا اہل سیاستدانوں نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کر کے بانی پاکستان قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی روح کو تکلیف دی۔ ذاتی مفادات، لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی، ملکی وقار اور ترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے تحت 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر مینار پاکستان سے لاہور پریس کلب تک نکالی گئی "جیوے پاکستان موٹر سائیکل ریلی" سے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی کا مقصد قرارداد پاکستان کی روشنی میں تجدید عہد کرنا اور یہ پیغام دینا تھا کہ ہر فرد کو نظام کی تبدیلی کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ پرامن موٹر سائیکل ریلی مینار پاکستان سے شروع ہو کر لاہور پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں موجود سینکڑوں پر جوش موٹر سائیکل سواروں نے سبز ہلالی پرچم اور پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ وہ جیوے جیوے پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی نے لاہور پریس کلب کے سامنے ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر لی، شرکاء نے موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ موٹر سائیکل ریلی کے شرکاء نے متاثرین دہشت گردی، تھرپارکر، چولستان کے متاثرین اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

موٹر سائیکل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے استحصالی اور کرپٹ نظام کے خلاف جدوجہد شروع کی ہے جو منزل مقصودکے حصول تک جاری رہے گی۔ پاکستان کے طلباء اور نوجوانوں کو وہی کردار دہرانا ہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت تھا۔ تحریک منہاج لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کہا کہ کرپشن نام نہاد لیڈروں کی ہڈیوں میں سرایت کر چکی ہے۔ کمیشن مافیا ترقیاتی پروجیکٹس کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ قومی دولت لٹیروں میں لٹ رہی ہے۔ عوام کھوٹے اور کھرے میں امتیاز کریں اور ایسی قیادتوں سے جان چھڑائیں جو قومی غیرت کو بیچنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔

شرکاء ریلی سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم حافظ غلام فرید نے کہا کہ موجودہ فرسودہ نظام انتخاب کو دریا برد کرنے کے بعد ہی اس ملک اور قوم کا مقدر بدل سکتا ہے۔ حقیقی جمہوریت کی راہ کا سب سے بڑا پتھر موجودہ نظام انتخاب ہے۔ ملک بچانے اور اسے دنیا میں باوقار معاشی مقام دلانے میں طلباء اور نوجوانوں کا کردار کلیدی نوعیت کا ہو گا۔

ریلی سے سلطان محمود چودھری، الطاف رندھاوا، پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، علماء کونسل اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top