تحریک منہاج القرآن جاپان کے ایاز محمد سلیم جاپان میں آنیوالے زلزلہ (سونامی) میں شہید

مورخہ: 26 مارچ 2011ء

جاپان میں 11 مارچ کو آنے والے شدید زلزلے اور ہلاکت خیز سونامی کے بعد جاں بحق ہونے والے پاکستانی ایاز محمد سلیم کی نماز جنازہ گزشتہ روز بعد نماز عشاء جاپان میں واقع منہاج القرآن کے مرکز ابارا کی میں ادا کی گئی۔ جس میں ابارا کی، توچگی، سائتاما، چیبا اور ٹوکیو سمیت دیگر علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے وسیع حلقوں نے شرکت کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ علامہ محمد شکیل ثانی نے پڑھائی۔ قبل ازیں شام 7 بج کر 35 پر جب فکوشیما سے میت اباراکی میں مرکز منہاج القرآن پہنچی تو منہاج پیس اینٹیگریشن کونسل کے سربراہ محمد انعام الحق اور این پی او منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر صالح محمد افغانی وہاں پر موجود تھے جبکہ یوکی سے نعیم خان بھی وہاں پہنچ گئے تھے۔ جاپان میں 11 مارچ کے زلزلے اور سونامی کے بعد ایاز محمد سلیم واحد پاکستانی ہیں جو اس سانحے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ سفیر پاکستان نور محمد جادمانی ٹوکیو سے اباراکی تشریف لائے اور انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے  جناب نور محمد جادمانی نے کہا کہ انہیں اور سفارتخانہ پاکستان کے تمام عملے کو ایاز محمد سلیم کے جاں بحق ہونے پر دکھ ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور بتایا کہ ایاز محمد سلیم کی میت جمہ کے روز قومی ائرلائن کی پرواز سے پاکستان بھیجنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر DFA ندیم احمد اعوان، میڈیا آفس تحریک منہاج القرآن سے قاضی محمود اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر MWF احمد معین سمیت 20 رکنی وفد نے ایاز محمد سلیم مرحوم کی میت کو ان کے لواحقین کے ساتھ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر وصول کیا۔ جس کے بعد ان کی میت کو منہاج ایمبولینس کے ذریعے ان کی رہائش گاہ 104۔B بلاک ویلنشیاء ٹاؤن روانہ کر دی گئی۔ ائرپورٹ پر ARY نیوز اور جیو نیوز کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

مورخہ 26 مارچ 2011ء کو بعد نماز ظہر مقامی مسجد میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شاہد لطیف، جی ایم ملک، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، سید توقیر الحسن گیلانی، ندیم احمد اعوان، حفیظ چوہدری اور ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید افتخار شاہ بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ مرحوم کو ویلنشیاء ٹاؤن کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

تبصرہ

Top