منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیر اہتمام Yoki مسجد البلال میں درس قرآن

مورخہ: 07 مئی 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان نے ملک بھر کی مساجد میں دروس قرآن کا آغاز کردیا ہے توچکی کین میں واقع جامع مسجد البلال Yoki میں مورخہ07 مئی 2012ء بروزسوموار کو عظیم الشا ن درس عرفان القرآن کی محفل منعقد ہوئی جس میں جاپان بھر سے تنظیمی وتحریکی ساتھیوں نے بھر پور شرکت کی۔ مرکز المصطفیٰ اباراکی کین سے محمد انعام الحق صدر منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کی قیادت میں بڑا قافلہ درس قرآ ن میں شرکت کے لئے پہنچا۔ اباراکی کین کے صدر محمد ایاز، محمد فیصل ملک،امانت علی گوندل اور محمد حنیف مغل نے بھی شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری علی حسن نے حاصل کی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم محمد فیصل ملک نے پیش کی، نقابت کے فرائض محمد نعیم خان نے ادا کئے۔ پروگرام کی صدارت ملک حبیب الرحمن اور منہاج پیس اینڈ انٹی گریشن کے صدر انعام الحق نے کی۔ علامہ محمد شکیل ثانی ڈائریکٹر مرکز المصطفیٰ جاپان نے انتہائی مدلل اور خوبصورت خطاب کیا۔ انہوں نے سورۃ الحجرات کی تعارفی اور فکر ی گفتگو فرمائی۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے قربانی کے جانور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے ذبح کر لئے تو اللہ رب العزت نے ان کی قربانیاں رد فرما دیں اور قیامت تک اس امت کو پیغام دیا کہ میرے مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب ہر چیز سے بڑھ کر ہے۔ ادب مصطفی پہلے ہے باقی ہر چیز بعد میں ہے۔

علامہ محمد شکیل ثانی نے انتظامیہ کو درس عرفان القرآن شروع کروانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آئندہ ہر ماہ کی پہلی جمعرات کو یہ درس قرآن ہوا کرے گا۔ پروگرام کے اختتام پر درود وسلام پڑھا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر عالم اسلام اور پاکستان کی بقاء اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت وتندرستی کے لئے دعا مانگی گئی۔

رپورٹ: سید محمد عثمان شاہ بخاری

تبصرہ

Top