منہاج القرآن اسلامک سنٹر ناگویا ( جاپان ) کے زیر اہتمام محفل شب معراج وشب برات

مورخہ: 30 جون 2012ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے دوسرے بڑے مرکز ناگویا کی جامع مسجد المصطفیٰ میں مورخہ 30 جون 2012ء کو عظیم الشان، تاریخی، مثالی اور فقید المثال اجتماع منعقد ہوا جس میں ناگویا کے گردونواح،اباراکی کین،گماکین، ٹوکیو، چیبا کین، شیزوکاکین سے تحریکی احباب تشریف لائے۔ پروگرام میں 16 تاحیات رفقاء کو اسناد دی گئیں۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مسجد کے خادم نعیم کیانی اور جاپانی بچے شاویز حیدر نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے صدر سید محمد عثمان شاہ بخاری نے اداکئے۔جاپان کے مشہور ومعروف نعت خواں محمد جاوید سجن نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔گماکین سے آئے ہوئے ننھے بچے معاذ اعجاز نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر خوبصورت تقریر کرکے مجمع کو خوب مسحور کیا اور داد حاصل کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی کین کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شب برات کے موضوع پر خوبصورت اور مدلل گفتگوفرمائی، انہوں نے مرکزی تنظیم کے جنرل سیکرٹری محمد اعجاز رمضان کیانی اور ناگویا کی تمام تنظیم کو پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سفر معراج کو سفر محبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام سفر محبت خدا کا عکاس ہے،اللہ رب العزت کو اپنے حبیب سے بے پناہ محبت ہے اس نے اپنے محبوب کو طائف کی وادیوں میں پتھر کھاتے دیکھا تو اپنے حبیب کا غم مٹانے کے لئے معراج پر بلا لیا، اپنے دیدار سے نوازا، امت کی بخشش کا وعدہ فرمایا، امت کے لئے نماز کا تحفہ دیا تاکہ ان کی بخشش کا سامان کیاجاسکے۔ شب برات بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت مانگنے کی رات ہے، توبہ اور بخشش کی رات ہے، سب کو دعوت ہے کہ سچی توبہ کر لیں، تحریک منہاج القرآن کا پیغام بھی یہی ہے۔

صدر تحریک ناگویا خالد علی نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خطبہ اختتامیہ پیش کیا، سید محمد عثمان شاہ بخاری نے پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے تحریک کی تاحیات رفاقت کا تعارف کرایا اور نئے رفقاء کو اسناد پیش کیں۔مرکز منہاج القرآن اباراکی کین کی تعمیراتی کمیٹی کے سینئر ممبر ماہ خان اور علامہ محمد شکیل ثانی کے علاوہ سید محمد عثمان شاہ بخاری، اعجاز رمضان کیانی، محمد سلیم خان، علامہ حافظ عبدالمصطفیٰ قادری نے اسناد تقسیم کی۔اسناد حاصل کرنے والوں میں محمد نعیم کیانی کی فیملی کے چار افراد تاحیات رفیق بنے، راجہ محمد جمیل کو محمد سلیم خان نے سند تاحیات رفاقت دی، محمد مالک بنگلہ دیش، رمضان کیانی کے بھائی محمد بابر،حافظ عبدالمصطفیٰ قادری نے اپنی زوجہ،اسد مصطفی نے اپنی والدہ، محمد آصف، محمد جاوید سجن، محمد ثقلین، محمد خالد علی اور سید فدا حسین شاہ نے اپنی اپنی تاحیات رفاقت کی اسناد حاصل کیں جبکہ علی عمران ( صدر منہاج ایشیئن کونسل ) کے بیٹے کی سند بھی محمد خالد(صدر ناگویا) نے وصول کی۔آخر میں علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی دعاکرائی، محمد جاوید سجن نے نذرانہ درود وسلام پیش کیا اور معزز مہمانوں اور شرکاء کو پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔

رپورٹ: اعجاز رمضان کیانی

تبصرہ

Top