منہاج القرآن انٹرنیشنل (جاپان) کے زیر انتظام 30 روزہ دروس عرفان القرآن کا آغاز کر دیا گیا

ماہ رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں اللہ رب العزت کی رحمت، بخشش اور فضل وکرم کی برسات میں منہا ج القرآن انٹرنیشنل جاپان نے امسال بھی 30 روزہ دروس عرفان القرآن کے انتظامات و انصرامات مکمل کر لئے۔مرکز المصطفیٰ ابارکی کین کی رونقیں دوبالا ہو گئیں۔سحری وافطاری کے اوقات میں عوام الناس کی کثیرتعداد میں آمد نے روحانی ماحول بنا دیا۔

جاپان بھر سے بارونق اور روحانی مناظر منہاج القرآن کے مراکز پر دیکھنے میں آرہے ہیں۔ ہر روز افطاری کا انتظام مراکز پر مسلمان کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت کرتی ہے، ہر کوئی اس نیکی میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔ منہاج القرآن اباراکی کین مرکز کے روح رواں صالح محمد افغانی، محمد انعام الحق، محمد ایاز، عمران بیگ، محمد فیصل ملک، صداقت علی، محمد سلیم، یٰسین بٹ، شمس پٹھان، امانت علی گوندل، وقاص علی، محمد حنیف مغل اور علامہ محمد شکیل ثانی ہمہ وقت عوام کی خدمت کے لئے موجود ہوتے ہیں۔

تحفیظ القرآن مرکز لاہور کے مدرس قاری محمد جمیل شاہد خوبصورت عربی لہجہ میں قرآن پاک سنا رہے ہیں اس کے بعد علامہ محمد شکیل ثانی ہرروز پڑھے جانے والے قرآن پاک کے مضامین، واقعات پر روشنی ڈالتے ہیں۔ ان کا دھیمہ لہجہ اور خوبصورت ادائیگی لوگوں کو مسحور کردیتی ہے۔ لوگ جو ق در جوق درس قرآ ن میں شریک ہونے کے لئے آرہے ہیں، ٹوکیو، یوکی شی، سائتاماکین، ابارکی کین اور توچکی کین کے علاوہ گردونواح سے لوگ مرکز پہنچتے ہیں۔

صبح سحری سے لے کر افطاری تک مساجد رونق سے بھری رہتی ہیں، دروس قرآن میں ایک روحانی کیف ہے جوں جوں لوگوں کو خبر ہو رہی ہے تعداد میں اضافہ ہوتا چلاجارہا ہے۔ علامہ محمد شکیل ثانی نے افتتاحی خطاب میں قرآن اور صاحب قرآن کی محبت اور ادب کے حوالہ سے لوگوں کو بتایا، حقوق قرآن کے حوالہ سے بات کی اور تلاوت قرآن کی فضیلت سے آگاہ کیا۔

رپورٹ: اعجازرمضان کیانی

تبصرہ

Top