جاپان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس

مورخہ: 08 مارچ 2015ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیرانتظام 8 مارچ 2015 بروز اتوار بعد نماز مغرب امام بارگاہ محمد و آل محمد میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد کی گئی جس میں جاپانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے فارسی، عربی، جاپانی اور اردو زبانوں میں خطابات کیے، جبکہ چوہدری شاہد رضا اور حسین خان نے ٹوکیو سے خصوصی طور پر شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت ونعت اور درودوسلام کے نذرانے سے کیا گیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹر نیشنل جاپان کے ڈائریکٹر علامہ محمد شکیل ثانی نے تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خلقت عالم نور میں ہوئی جبکہ ولادت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بشریت کی معراج ہے۔ لہذا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دونوں شانوں کا اعلان عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گستاخی اللہ تعالی کو گوارہ نہیں۔ جب اللہ تعالی نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ کے آداب خود سکھائے ہوں تو پھر اُن کی شان کیا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان میں بسنے والے مسلمان اسلام کے سفیر ہیں لہذا دہشت گردی اور طالبان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جو بھی دہشت گرد ہے اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں داعش اور طالبان اسلام دشمن گروہ ہیں جو اسلام کو بدنام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر عمل کرنا ہی مومن ہونے کی علامت ہے۔ آخر پر انہوں نے امام بارگاہ کی انتظامیہ محمد اقبال کیانی، سید عباس شاہ اور دیگر کا شکریہ ادا کیا اور اسلام اور عالم اسلام کیلیے خصوصی دُعا فرمائی۔

تبصرہ

Top