کراچی میں ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ کورس کی اختتامی تقریب

تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام طارق روڈ رحمانیہ مسجد میں ’’ آئیں دین سیکھیں‘‘ کورس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علامہ احمد نواز انجم مہمان خصوصی تھے۔ علامہ محمد شریف کمالوی تین روزہ کورس کے معلم تھے۔ منہاج القرآن کراچی کے رہنماؤں میں خواجہ ڈاکٹر محمد اشرف، اقبال میمن، لطافت محمود، مسعود عثمانی، زاہد لطیف، حافظ اصغر، سید طیب شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ خواجہ ڈاکٹر محمد اشرف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن کا ملک بھر میں فہم دین کے بنیادی کورسز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس نیک کام میں عامۃ الناس بہت دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں، جو تحریک منہاج القرآن کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ کورس سے عام لوگوں کو قرآن درست انداز میں پڑھنے اور سمجھنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔

علامہ محمد شریف کمالوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صالح معلمین ہی معاشرے میں اصلاح اور تعلیم و تربیت کے ذریعے تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام علیہم السلام کو اللہ تعالیٰ نے عصر حاضر کے تمام علوم و فنون سے آراستہ کیا۔ علماء میں بھی عصر حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔ اس مقصد کے پیش نظر منہاج القرآن نے ’’آئین دین سیکھیں‘‘ کے بنیادی کورسز شروع کیے ہیں جو نہایت کامیابی سے جاری ہیں۔

پروگرام کے آخر میں علامہ احمد نواز انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرمحمد طاہرالقادری ملک بھر میں فہم دین، شعور اور تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ اصلاح معاشرہ کی مثالی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس جدوجہد میں لوگ بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرہ میں فہم دین کی جو ضرورت ہے، وہ پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اس لیے ہماری سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس رحجان کو فروغ دیں۔

پروگرام میں کورس میں شرکت کرنے والے سو معلمین و معلمات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ راؤ اشتیاق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تبصرہ

Top