کراچی: ایم ایس ایم سسٹرز کے زیراہتمام انٹر کالجز تقریری مقابلہ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کراچی کے زیراہتمام یوم قائداعظم کے موقع پر نیشنل میوزیم آڈیٹوریم میں انٹر کالجز تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز منیبہ اعظم نے صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا، بعد ازاں عائشہ طالب نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اس موقع پر انوار احمد زئی چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی نے خصوصی شرکت کی، علاوہ ازیں نور فاطمہ ناظمہ ویمن لیگ کراچی، مدیحہ نوید سابقہ ناظمہ ایم ایس ایم سسٹرز کراچی، سارہ نوازش لیکچرر کراچی یونیورسٹی انگلش ڈیپارٹمنٹ، مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کی ٹیچرز اور کراچی کے ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن کی ایم ایس ایم سسٹرز بھی کثیر تعداد میں شریک تھیں۔ اس تقریری مقابلہ میں کراچی کے 11 مختلف کالجز کی طالبات نے اردو اور انگلش تقاریر میں حصہ لیا۔ عاصمہ بتول ڈپٹی جنرل سیکرٹری مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کراچی نے استقبالیہ کلمات میں جملہ شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم تعلیم و تربیت کا فریضہ احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے اور نظریہ پاکستان کے تحفظ اور اس کی بقا کے لیے مصروف عمل ہے۔

استقبالیہ کلمات کے بعد تقریری مقابلے کا باقاعدہ آغاز اردو تقاریر سے ہوا، جس میں نقابت کے فرائض تحریم نصیر نے انجام دیے۔ اردو تقریری مقابلہ میں ریاض گورنمنٹ گرلز کالج لیاقت آباد، منہاج شریعہ کالج کراچی، مادر ملت گورنمنٹ گرلز کالج اسٹیل ٹاؤن، سینٹ لارینس گورنمنٹ گرلز کالج، منہاج ہائر سیکنڈری سکول، زمزمہ گورنمنٹ گرلز کالج اور SUPARCO انسٹیٹیوٹ آف ٹکنیکل ٹریننگ کی طالبات نے حصہ لیا۔ اردو تقریری مقابلہ کے اختتام کے بعد نشاط فاطمہ ایم ایس ایم سسٹرز گلشن اقبال ٹاؤن، ثوبیہ رزاق ایم ایس ایم سسٹرز نارتھ ناظم آباد ٹاؤن اور مریم مرتضیٰ ایم ایس ایم شاہ فیصل ٹاؤن نے نغمہ ’’اے قائدِ اعظم تیرا احسان ہے احسان‘‘ پیش کیا۔

اردو تقریری مقابلہ کے بعد انگلش تقریری مقابلہ کا باقاعدہ آغاز ہوا جس میں خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج، منہاج شریعہ کالج کراچی، مادرِملت گورنمنٹ گرلز کالج اسٹیل ٹاؤن، زمزمہ گورنمنٹ گرلز کالج، بحریہ کالج کار ساز، رانا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس اور SSAT گورنمنٹ کالج کی طالبات نے حصہ لیا۔ اس سیشن میں نقابت کے فرائض بتول مرزا انفارمیشن سیکرٹری ایم ایس ایم کراچی نے سرانجام دیے۔ تقریری مقابلہ جات کے بعد ہومینسٹ تھیٹر گروپ کے تعاون سے ایک اصلاحی تھیٹر ’’عکس جناح‘‘ پیش کیا گیا جس میں محترمہ فاطمہ جناح کا مرکزی کردار اداکارہ و ہدایت کار شائستہ الیاس نے ادا کیا۔ تھیٹر میں کراچی یونیورسٹی اور اقراء یونیورسٹی کی طالبات نے مختلف کردار ادا کیے۔

تقریب میں انوار احمد زئی چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کی فکر اور نظریہ پاکستان اسلامی اصولوں کے تابع تھا اور انہوں نے جس پاکستان کی تشکیل کی تھی وہاں غیر مسلموں کے حقوق کو بھی اہمیت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان کی تکمیل کے لیے آج کے طلبہ کو اپنا کردار قائد کے افکار و نظریات کے مطابق ادا کرنا ہو گا۔

فائزہ محمود راؤ جنرل سیکریٹری ایم ایس ایم کراچی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں قائدِاعظم کی شخصیت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز قائدِ اعظم کے صحیح افکار و نظریات کو نوجوان نسل میں منتقل کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم سسٹرز بانی پاکستان کی فکر کی علم بردار اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے نظریہ کی امین ہے۔

اردو تقریر کے مقابلہ میں اول، دوم اور سوم پوزیشنز بالترتیب عائشہ گل منہاج ہائر سیکنڈری سکول، فزا قمر ایس ٹی لارنس گورنمنٹ ڈگری کالج اور سندس افتخار ریاض گورنمنٹ گرلز کالج لیاقت آباد نے حاصل کیں، جبکہ انگلش تقریری مقابلہ میں اول، دوم اور سوم پوزیشنز بالترتیب ماہ نور رمشا مادر ملت ڈگری کالج، نیہا احمد خاتون پاکستان گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن اور ایمن جیلانی منہاج شریعہ کالج فار ویمن نے حاصل کیں۔ پروگرام کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈ تقسیم کی گئیں اور سانحہ پشاور کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top