کراچی: حضرت محمد ﷺ رحمۃ للعالمین، خاتم النبیین اور پیغمبر امن بن کر تشریف لائے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا میلاد النبی کانفرنس سے خطاب

تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام باغ قائد میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجدار کائنات حضرت محمد ﷺ رحمۃ للعالمین خاتم النبیین اور پیغمبر امن بن کر تشریف لائے۔ پیغمبر خدا کا پیغام امن، محبت، بھائی چارگی ہے۔ محمد ﷺ کا غلام اور امتی کبھی دہشت گرد، انتہا پسند نہیں ہو سکتا۔ انسانی جان کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔ اسلام نے ناحق فساد پھیلانے، قتل عام کی ممانعت فرمائی ہے۔ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے عوامی اور قومی املاک کو نقصان پہنچانا، انسانیت کو تکلیف دینا نبی کی تعلیمات نہیں ہیں۔

تعلیمات مصطفیﷺ نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکالا اور اسلام کی روشنی سے پورے عالم کو منور کیا۔ انسانیت کی خدمت ہی عظیم عبادت ہے وہ انسان کبھی مومن نہیں ہو سکتا جس کے ہاتھ اور زبان کے شر سے دوسرے مسلمان محفوظ نہ ہوں تاجدار کائنات ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر انسانیت کے حقوق کا سب سے بڑا اور واضح منشور پیش کیا۔

تاجدار کائنات ﷺ کی شان میں گستاخی کائنات انسانی کا سب سے بڑا گناہ ہے ایسا کرنے والا ملعون اور جہنمی ہے مغربی دنیا میں آزادی اظہار کی تشریح غلط ہے مقدس ہستیوں کی شان میں بے ادبی دنیا کا کوئی مذہب اجازت نہیں دیتا ہم تمام حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں۔ تمام انسان برابر ہیں بڑائی صرف تقویٰ اور پرہیزگاری میں ہے اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کا اقتصادی نظام منفرد اور شاندار ہے مسلم ممالک بالخصوص پاکستان سودی نظام کا خاتمہ کرے، متبادل نظام موجود ہے اسلام نے حقوق اللہ کے بعد حقوق العباد کی ادائیگی پر زیادہ زور دیا ہے۔ ہمسائے اور رشتہ داروں کے سب سے زیادہ حقوق ہیں۔ مسلم امہ اس وقت انتشار کا شکار ہے باطل کے مقابلے میں مسلم وحدت پارہ پارہ ہے اتحاد و یکجہتی کافقدان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر، افغانستان، فلسطین اور برما میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی ہو رہی ہے انسانی حقوق کے نام نہاد ذمہ داروں کی آنکھیں کیوں بند ہیں۔ اقتدار اللہ کی امانت ہے حکمران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں رعایا کے بارے میں سوال ہو گا اللہ کی پکڑ بڑی سخت ہے لوگ انصاف کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ مظلوموں کو جلد انصاف دینے کیلئے اپنے انصاف کے سسٹم کو متحرک کرے عدل و انصاف اسلام کی بنیاد ہے عدل و انصاف سے معاشرے مہذب اور ترقی یافتہ بنتے ہیں اور انسانیت کو تحفظ ملتا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ اسلام امن، محبت، سلامتی اور بھائی چارے کا دین ہے۔ اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ جوڑنا تعصب اور بددیانتی ہے ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن، ایک نبی، ایک کعبہ اور مذہب اسلام ہے۔ پھر ہم الگ الگ کیوں ہیں؟

نوجوان مسلم امہ کا سرمایہ ہیں ان پر بھاری ذمہ داری ہے۔ نوجوان، انتہا پسندی اور تفرقوں سے دور رہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں۔ مادیت پرستی، بد تہذیبی نے مسلم نوجوانوں کو جکڑ رکھا ہے اس وقت نسل نو کی صحیح سمت رہنمائی ضروری ہے بے روزگاری نے نوجواں کو کمزور کر دیا ہے۔

علماء انبیاء کے وارث ہیں، علماء محراب و منبر، خطاب اور اپنی تحریر کو معاشرے اصلاح کیلئے استعمال کریں نئی نسل کو گمراہی سے بچائیں علماء کی ذمہ داری ہے وہ امت کو تفرقوں، نفرتوں، کفر کے فتووں سے بچائیں اور امن و محبت ایثار قربانی اتحاد و یکجہتی کا درس دیں اور ایک دوسرے کے افکار کا احترام کریں۔

تحریک منہاج القرآن کی میلاد کانفرنس میں تمام مکاتب فکر و مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات سمیت اہم سیاسی، سماجی، مذہبی و دینی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی کانفرنس میں بھرپور شرکت کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، تحریک منہاج القرآن کے صدر علامہ نعیم انصاری، ناظم تحریک مرزا جنید علی، خانہ فرہنگ ایران، مجلس وحدت المسلمین، سمیت علماء مشائخ اور دیگر جماعتوں کے قائدین کی بڑی تعداد اسٹیج پر موجود تھی۔

ادھر ہزاروں اہلیان کراچی نے تحریک منہاج القرآن کی میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں شرکت کر کے پیغام دیا کہ کراچی فرزندان اسلام، غلامان مصطفی ﷺ، عاشقان رسول کا شہر ہے۔ کانفرنس میں بہت بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ میلاد کانفرنس کے لیے باغ قائد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات، پولیس، رینجرز اور یوتھ کے نوجوان بھی الرٹ رہے۔ خواتین کی سیکورٹی کیلئے لیڈی پولیس اور ایم ایس ایم سسٹرز موجود تھیں۔ کانفرنس کے آخر میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

Top