تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام خصوصی سیمینار

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و چیئرمین پاکستان عوامی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56 ویں سالگرہ کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام خصوصی سیمینار ’’ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ایک عہدساز شخصیت‘‘ کراچی میں منعقد ہوا۔ کراچی آرٹس کونسل میں ہونے والی تقریب کی صدارت مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ کراچی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمد مہمان خصوصی تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر فاطمہ ثریا بجیا، سابق سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر علامہ عباس کمیلی، شیعہ ایکشن کمیٹی کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین، امیرتحریک کراچی قیصر اقبال قادری، پاکستان عوامی تحریک سندھ کے صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، نائب صدر پاکستان عوامی تحریک خان محمد بلوچ، سابق صدر پاکستان عوامی تحریک عظیم الدین حسن، ناظم تحریک اطہر جاوید صدیقی، قاضی زاہد حسین، عظیم الدین حسن، محمد شعیب قادری، ANI پاکستان کے نائب صدر ملک نذیر احمد، ناظم یوتھ ظہیر اختر، سید ظفر اقبال، سید مسعود خان، ظہور اعوان، عتیق رحمان، عتیق چشتی، عدنان رؤوف، عصمت اللہ، سعید قادری، نعیم خان، محمد الیاس مغل، ویمن لیگ کراچی کی نگران مسز امتیاز جاوید، ویمن لیگ کراچی کی صدر پروین مصطفوی، پروین اختر، علامہ مرید حسین باروی، غلام غوث چشتی، راؤ اشتیاق احمد، تحریک منہاج القرآن کراچی کے دیگر قائدین اور کارکنان کے کثیر تعداد یہاں موجود تھی۔


تقریب میں تلاوت و نعت کے بعد مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری موجودہ دور میں امتِ مسلمہ کیلئے سفیر امن ہیں۔ ان کی فکری، مذہبی، سائنسی اور قانونی خدمات عالم اسلام اور دنیا کے لئے علمی ورثہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ جس بناء پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو بلامبالغہ موجودہ دور میں امت مسلمہ کا رہنما کہا جا سکتا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی پرووائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمد نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک میں تحریک منہان القرآن کے تحت ریسرچ سینٹرز، سکولز اور کالجز پرائیویٹ سیکٹر میں ایک بے مثال کامیابی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک فرد نہیں بلکہ ادارہ ہیں اور اللہ نے انہیں علم کی خاص دولت سے نوازا۔ سینکڑوں تصانیف اور ہزاروں موضوعات پر لیکچرز ایک عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہے۔ وہ بلاشبہ ملت اسلامیہ کا فخر ہیں۔

مشیر وزیر اعلیٰ سندھ فاطمہ ثریا بجیا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کو جس انداز میں منظم کیا وہ صرف انہی کا خاصہ ہے۔ اگر ایسا رہنما پاکستان کو مل جائے تو اس ملک کا مقدر سنور جائے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی علمی اور تحقیقی کاوشوں سے لوگوں میں یہ احساس اجاگر کر دیا ہے کہ تمام اختلافات کو فراموش کرکے یکجا ہونا اب امت مسلمہ کی ضرورت ہے۔

سابق سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ ہمت، استقلال اور ثابت قدمی کے ساتھ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات اور افکار و نظر یات امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں کیونکہ وہ حسینی کردار کے امین ہیں۔ اور آج ایسی شخصیت کی ملک و قوم اور بالخصوص عالم اسلام کو ضرورت ہے۔

سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کسی ایک فرد، مسلک یا گروہ کے قائد نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کے عظیم رہنما ہیں۔ اتحاد بین المسلمین کے داعی ہونے کی حیثیت سے بہت سی مشکلات کے باوجود انہوں نے ہمت اور ثابت قدمی سے دنیا میں اسلام کی خدمت کی ہے۔

شیعہ ایکشن کمیٹی کے صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ حق وصداقت طاہرالقادری کی پہچان ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کے لئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے کام پر تمام مسالک متفق ہیں۔

چیف کوآرڈینٹر پاکستان عوامی تحریک سندھ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہمہ جہت شخصیت علم و عمل کا گہرا سمندر ہے۔ جن کے پیغام کو آج دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے امیر تحریک کراچی قیصر اقبال قادری، ناظم تحریک اطہر جاوید صدیقی اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے آخر میں مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق عباسی، تاج حیدر، علامہ عباس کمیلی، قاضی زاہد حسین، قیصر اقبال قادری، اطہر جاوید صدیقی، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، عظیم الدین حسن نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی 56ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس پروقار تقریب کا اختتام دعا سے ہوا۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

Top