لیہ شہدائے ماڈل ٹاون کی 5 ویں برسی پر دعائیہ تقریب

مورخہ: 17 جون 2019ء

تحریک منہاج القرآن لیہ کے زیراہتمام شہدائے ماڈل ٹاون لاہور کے ایصال ثواب کیلئے 5 برسی پر تقاریب منہاج القرآن اسلامک سنٹر، منہاج کالج آف شریعہ لیہ، منہاج گرائمر سکول چوک اعظم، میاں بہادر موڑ میں منعقد ہوئیں۔ پروگرام میں تحریک منہاج القرآن لیہ کے سینئر رفقاء، اراکین اور کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر عبدالمجید گرواں، غلام شبیر بھٹی، اکبر قادری صاحب، سلیم چشتی صاحب، حسنین رضا، مقبول میرانی، طالب سہارن، شیخ خالد اقبال گھڑا، ملک مظہر جوتہ، غلام مصطفیٰ سعیدی، مہرمختیار کلاسرہ، شاہد رفیق، وقاص شاہد کی کاوشوں کو سہرا ہے۔

پروگرام کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا، جس میں چوہدری قمرعباس دھول ڈائریکٹر منہاج کالج آف شریعہ لیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں بھی شہدائے ماڈل ٹاون کو انصاف نہ ملناایک بہت بڑا المیہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں اور قاتلوں کو ریلیف دینے والے انسانیت، اللہ اور اسکے رسول کے مجرم ہیں۔ 5 سال گزر گئے انصاف نہیں ملا کہاں گئے ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ پاکستان نہیں ہوسکتا جس کے لیے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دی تھیں جہاں ملزمان دندناتے پھر رہے ہوں اور مدعی جیل میں سزا کاٹ رہے ہوں۔

اگر تحریک انصاف حکومت نے انصاف کیا دلانا تھا وہ ملزمان جو کہ براہ راست اس سانحہ میں ملوث تھے انہیں بھی عہدوں سے نہیں ہٹا سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص ہی پاکستان میں انصاف کی بنیاد رکھے گا۔ شہداء کا خون تحریک کے ہر کارکن پر قرض ہے آخری سانس تک حصولِ انصاف کی جنگ جاری رہے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اہم ملزم کیپٹن (ر) عثمان جو اس وقت ڈی سی او لاہور تھے اب 21 ویں گریڈ میں ترقی پاکر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیںکیا مجرموں کو اہم ذمہ داریوں سے نوازا جاتا ہے۔

اس موقع پر لوگوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں اور ظالموں کو جیلوں میں ڈالا جائے اور مظلوموں کو جلد انصاف دیا جائے۔

تبصرہ

Top