دروس عرفان القرآن (منڈی بہاؤالدین) : چوتھا دن

رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں رجوع الی القرآن، فہم دین اور اصلاح احوال امت کے لئے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پانچ روزہ دروس عرفان القرآن بمقام ایگل فٹ بال گراؤنڈ گوڑھا باغ منڈی بہاؤالدین میں مورخہ 25 جولائی 2012ء بروز بدھ کو چوتھے درس عرفان القرآن کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت ابوبکر چشتی نے حاصل کی۔ نعت مقبول رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شرف قادری برادران نے دف کے ساتھ حاصل کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد احسان رضوی منہاج اسلامک یونیورسٹی لاہور نے ادا کئے۔پروگرام کے مہمان خصوصی چوہدری محمد وسیم ہمایوں نائب امیر منہاج القرآن صوبہ پنجاب تھے۔

اس موقع پر شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید حضرت علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے "اقامت دین میں خواتین کا کردار" کے موضوع پر خطاب کیا۔ خطاب کے پہلے حصے میں علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شان پر گفتگو کی۔ "وما محمد الا رسول" اس آیت مبارکہ کے تراجم پر بحث کرتے ہوئے انہوں نے شیخ الاسلام کے ترجمہ عرفان القرآن کی عظمت و شان بیان کی کہ باقی سب نے ترجمہ کیا کہ "محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف رسول ہی ہیں"، مگر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس کا ترجمہ "اور محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی تو) رسول ہی ہیں (نہ کہ خدا)" کیا ہے۔

انہوں نے خواتین کی خدمت کے حوالے سے سیدہ خدیجۃ الکبریٰ (رضی اللہ عنہا) کی خدمت دین، سیدنا عمر فاروق (رضی اللہ عنہ) کی بہن کی خدمت دین، سیدہ عائشہ صدیقہ (رضی اللہ عنہا) اور سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرہ (رضی اللہ عنہا) کی خدمت دین کے واقعات بیان کر کے خواتین کو اقامت و خدمت دین اور مشن نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کے لئے دن رات نکلنے کی طرف ترغیب دلائی۔

پروگرام کے اختتام پر مفتی صاحب سے ملنے کے لئے لوگوں کا بہت بڑا ہجوم تھا جو کہ بہت مشکل سے تقریباً ایک گھنٹے کے بعد ختم ہوا۔ دروس عرفان القرآن کے تمام پروگرامز تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تحصیل منڈی بہاؤالدین کے زیراہتمام منعقد ہو رہے ہیں۔ پروگرام کا اختتام دعا خیر سے ہوا۔

رپورٹ: حافظ شبیر احمد جنجوعہ (منڈی بہاؤالدین)

تبصرہ

Top