منہاج تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ نارووال کا کانووکیشن

منہاج تحفیظ القرآن کے زیراہتمام قرآن کریم حفظ کرنے والے طلباء کو اسناد دینے کی پُروقار تقریب 13 فروری 2017ء کو مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی، جس میں سیشن 2016-17 کے 40 حفاظ طلباء کو اَسناد دی گئیں۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ اور ناظم منہاج علماج کونسل علامہ میر آصف اکبر نے کی۔ پروگرام میں بچوں کے والدین سمیت 1000 سے زاید مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

کانووکیشن میں ممتاز علمی و اَدبی، سیاسی و سماجی، مذہبی و دینی شخصیات نے شرکت کی، جن میں پیرسید سیف اللہ خالد گیلانی مرکزی چیئرمین مشائخ و علماء کونسل، خان عبدالقیوم خان ایڈووکیٹ صوبائی راہنما پاکستان عوامی تحریک، محمد اسلم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، علامہ حافظ محمد طاہر ضیا صوبائی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل، علامہ یاسر نسیم نقشبندی ڈائریکٹرمنہاج القرآن ہالینڈ، محمد عباس بٹ ناظم تحریک منہاج القرآن نارووال، قاری اکبر علی ضلعی صدر علماء کونسل، حافظ عبدالحئی، خواجہ معصوم انور، صوفی عابد محمود نصرت سجادہ نشین دربارِ عالیہ صوفی نصرت کھوکھر شریف، میاں محمد اقبال سماجی کارکن شامل ہیں۔ خواتین سمیت طلباء کے والدین اور اعزاء و اقرباء کی بڑی تعداد بھی کانووکیشن میں شریک ہوئی۔

پروگرام کا باقاعدہ غاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد پرنسپل منہاج تحفیظ القرآن حافظ عبدالغفار سلطانی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تحفیظ القرآن میں بچوں کو قرآن مجید کو پڑھنے، سمجھنے اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہونے کی تربیت دی جاتی ہے۔ ماہر و تجربہ کار قراء طلبہ کو فنی اسلوب کے اعتبار سے مزین کرتے ہیں اب تک 250 سے زائد طلباء تحفیظ القرآن سے حفظ قرآن پاک مکمل کرکے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں غیرمعمولی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پروگرام میں شریک دیگر معزز مہمانوں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی حوالے سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ماڈرن سائنسز کیساتھ قدیم علوم کو بھی بنیادی حیثیت دی۔ منہاج تحفیظ القرآن نارووال بھی اس کی ایک مثال ہے۔

علامہ میر آصف اکبر ناظم منہاج القرآن علماء کونسل پاکستان نے قرآن پاک حفظ کرنے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ بچے اور ان کے والدین عظیم ہیں، جنہوں نے اپنے بچوں کو کلام اللہ کی حفاظ کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی علوم سیکھنا اور سکھانا بہترین عمل ہے۔

علامہ سید فرحت حسین شاہ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ہرشعبہ زندگی سیاسی و معاشی، انفرادی و اجتماعی، معاشرتی و سماجی سمیت جملہ اُمور کی رہنمائی موجود ہے۔ بدقسمتی سے ج ہم قرنی متاع بے بہا سے کماحقہ استفادہ نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں ہر سطح تک تعلیم کو عام کرنے کے لیے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان اور دنیا بھر میں کام کر رہی ہے۔ قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی انقلابی سوچ و فکر کے زیرسایہ اسلام کے حقیقی تصور تعلیم کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

ڈی ای او نارووال محمد اسلم نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی میدان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کے مستقبل کو تابناک اور محفوظ بنانے کے منہاج القرآ ن کے ادارہ جات بہترین انتخاب ہیں، جہاں طلباء کو جدید سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ دینی علوم سے مزین کیا جاتا ہے۔ جس سے اُن کے اخلاق، کردار اور سیرت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔

اس موقع پر حفاظ بچوں کو دستار فضیلت پہنا کر انہیں اسناد دی گئیں۔ سابقہ حفاظ کرام کو بھی اعزازی شیلڈ دی گئیں۔ آخر میں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد پر صدر علماء کونسل نارووال و سربراہ منہاج تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ علامہ عبدالغفار سلطانی کو خصوصی مبارکباد دی گئی۔‎ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض حافظ محمد عظیم عارف اور علامہ حافظ محمد ذیشان طاہر نے انجام دئیے، تقریب کے اختتام پر ملک پاکستان کی خوشحالی، امن و بقاء اور ترقی کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔

تبصرہ

Top