منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو کے زیر اہتمام محفل معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

منہاج القرآن انٹرنیشنل (اوسلو ناروے) کے زیراہتمام مورخہ 9 جولائی 2010ء بروز جمعۃ المبارک بعد نماز عشاء جشن معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی محبت و عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا گیا جس میں مقامی علماء کرام نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عظیم معجزہ معراج شریف کے واقعات و فضائل بیان کئے۔

پروگرام کا آغاز صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا گیا جس کی سعادت مسلم سنٹر فیورسٹ کے امام و خطیب قاری علامہ اسرار احمد منہاجین نے حاصل کی اور آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں منہاج یوتھ لیگ کے سرگرم رکن سعد قریشی اور منہاج یوتھ لیگ کے صدر عاطف رؤف نے گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ نقابت کے فرائض علامہ حافظ صداقت علی نے ادا کئے۔

پروگرام کے مہمان خصوصی شاگرد رشید ضیاء الامت پیر کرم شاہ الازہری رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے خصوصی فیض یافتہ پروفیسر محمد نواز ظفر نے نہایت آسان فہم انداز میں واقعہ معراج پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بیداری کی حالت میں اپنے پیارے حبیب کو رات کے ایک مختصر عرصہ میں آسمانوں کی سیر کروائی اور اپنا قرب عطا کیا، کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ شاید یہ معراج خواب کی صورت میں کروائی گئی جبکہ ایسا نہیں ہے کیونکہ سیر کے لئے حالت بیداری میں ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رب کریم نے تمام انبیاء کرام کو معجزات عطا کئے اور سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تمام معجزات کا جامع بنایا، معراج اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ کے ساتھ مضبوط تعلق اور دنیا و آخرت کو سنوارنے کے لئے ایک فکر کا نام ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے بھی واقعہ معراج پر گفتگو کی اور آغوش پراجیکٹ کے حوالہ سے خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء محفل سے اس پراجیکٹ میں تعاون کی اپیل کی۔

پروگرام کی اختتامی دعا منہاج القرآن انٹرنیشنل درامن کے امیر علامہ نور احمد نور نے کی جس میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ آخر میں مہمانوں کو خصوصی لنگر بھی پیش کیا گیا۔

رپورٹ : عقیل قادر (اوسلو)

تبصرہ

Top