جامعہ الازھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ العبد کا دورہ پاکستان

مورخہ: 05 مارچ 2012ء

دنیائے اسلام کی قدیم ترین یونیورسٹی "جامعہ الازھر" کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید اسامہ العبد نے تحریک منہاج القرآن کی دعوت پر ماہ ربیع الاول میں پاکستان کا خصوصی دورہ کیا۔ آپ کا یہ دورہ عالم اسلام کی سب سے بڑی میلاد کانفرنس (مینار پاکستان، لاہور) میں شرکت کے سلسلہ میں تھا۔ 5 روزہ دورہ 4 فروری سے 9 فروری 2012ء پر مشتمل تھا۔

4 فروری 2012ء

جامعہ الازھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ العبد کے دورہ پاکستان کا آغاز 11 ربیع الاول، 04 فروری 2012ء کو ہوا۔ آپ لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صبح 2:45 بجے تشریف لائے، جہاں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سمیت ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری، دیگر مرکزی قائدین اور اساتذہ کرام نے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر کالج آف شریعہ کے طلبہ نے معزز مہمان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں گلدستے پیش کیے اور نعروں کی گونج میں انہیں خوش آمدید کہا۔

4 فروری 2012ء کی شب پرنسپل کالج آف شریعہ کی طرف سے ڈاکٹر اسامہ العبد کے اعزاز میں استقبالی عشائیہ دیا گیا، جس میں معزز مہمان کو باقاعدہ طور پر خوش آمدید کہا گیا۔ اسی رات آپ لاہور میں مینار پاکستان میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ہونیوالی عظیم الشان عالمی میلاد کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں آپ نے لاکھوں شرکاء سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس کے اس پروگرام کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں پاکستانیوں کی موجودگی ان کی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا ثبوت ہے، یہ منظر انہیں ہمیشہ یاد رہےگا۔ عالمی میلاد کانفرنس کے اس تاریخی پروگرام کے انعقاد پر انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

5 فروری 2012ء

دورہ پاکستان کے دوسرے روز 5 فروری 2012ء کی شام کو نماز مغرب کے بعد آپ مرکزی سیکرٹریٹ پر ہونیوالی ضیافت میلاد میں شریک ہوئے۔ جس میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، امیر تحریک مسکین فیض الرحمان خان درانی، ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، دیگر مرکزی قائدین کے علاوہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اساتذہ کرام، لاہور کی نامور جامعات کے اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات بھی ضیافت میلاد میں شریک ہوئیں، جن میں ایم پی اے اعجاز احمد خان، ایم پی اے ملک سیف الملوک، ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا ڈی جی ہیلتھ، ڈاکٹر نور احمد مجسٹریٹ، عابد حسین سیشن جج، سید نفیس الحسن بخاری، ڈاکٹر محمد نواز وڑائچ، صوفی محمد حسین کشمیر، مفتی انتخاب عالم، ضیاء الحق نقشبندی جامعہ نعیمیہ، عامر وقاص چوہدری روزنامہ نئی بات، مفتی محمد سعد رضوی جامعہ نظامیہ، الحاج امداداللہ خان قادری شامل تھے۔

6 فروری 2012ء

06 فروری 2012ء کو معزز مہمان نے لاہور میں بہت مصروف دن گزارا۔ آپ نے منہاج یونیورسٹی کا وزٹ کیا، یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر علی محمد، رجسٹرار یونیورسٹی کرنل (ر) محمد احمد، ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا اور یونیورسٹی کی تمام فیکلٹیز کے سربراہان نے طلبہ کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری نے ملٹی میڈیا کے ذریعے ڈاکٹر اسامہ العبد کو یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس تقریب میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی موجود تھے۔ یہاں بریفنگ کے بعد معزز مہمان کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات اور سائنسی لیبارٹریز کا وزٹ بھی کروایا گیا۔ منہاج یونیورسٹی کا وزٹ کرنے کے بعد وائس چانسلر نے جامعۃ الازہراور منہاج یونیورسٹی کے درمیان الحاق اور معادلہ کی خواہش کا اظہار کیا۔

6 فروری 2012ء کو وائس چانسلر جامعہ الازھر نے بغداد ٹاؤن، ٹاؤن شپ میں منہاج ماڈل سکول فار گرلز اور تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ فارگرلز کا وزٹ کیا، جہاں کالج کی بچیوں نے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ پرنسپل گرلز سکول نے آپ کو اپنے سکول کا تعارف بھی کرایا۔ اس کے بعد آپ منہاج گرلز کالج برائے خواتین میں ہونے والی شاندار تقریب میں تشریف لائے، جہاں کالج کی طالبات نے دف بجاکر اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے آپ کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر آپ نے کالج کی طالبات سے خطاب کیا۔ کالج میں یہ ساری کاروائی عربی زبان میں مکمل کی گئی۔

ڈاکٹر اسامہ العبد منہاج ماڈل سکول فار بوائز کے وزٹ کے لیے تشریف لائے تو پرنسپل حافظ نیاز احمد اور دیگر اساتذہ نے طلبہ کے ساتھ آپ کو شایان شان طریقے سے خوش آمدید کہا۔ یہاں تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ فار بوائز کے وزٹ کے دوران آپ نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر اسامہ العبد نے سکول کی بچوں کی تعلیم و تربیت اور ڈسپلن کو بھرپور سراہا۔ یہاں آپ نے حفظ کی کلاس کے ایک طالب علم سے مختلف مقامات سے قرآن پاک سنا اور خوش ہوکر آپ نے اس کو پاکستانی تین ہزار روپے بطور انعام دیا۔

اس کے بعد آپ نے تحریک منہاج القرآن کے تحت یتیم بچوں کے لیے قائم کیے جانیوالے پاکستان کے سب سے بڑے ادارے ’’آغوش‘‘ کا وزٹ کیا۔ جہاں آپ نے بچوں سے ملاقات کی اور کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا۔ یہاں آپ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ شیخ الاسلام شعبہ ہائے زندگی کے ہر میدان کی کامیاب ترین شخصیت ہیں، اور آپ عالم اسلام کا عظیم سرمایہ ہیں۔ اس وزٹ کے بعد ڈاکٹر اسامہ العبد نے ماڈل ٹاؤن میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کاخصوصی دورہ کیا۔ کالج پہنچنے پر پرنسپل ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اصغر جاوید الازہری، مفتی دارالافتاء مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، شیخ اللغۃ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر، چیئرمین شعبہ علوم عربیہ ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد اور دیگر اساتذہ نے آپ کو خوش آمدید کہا۔ آپ نے الصفہ ہال میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔

اس تقریب میں تلاوت کلام پاک، نعت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری نے کلمات استقبالیہ پیش کیے، جبکہ طلبہ نے آپ کو اور شیخ الازہر اور جامعۃ الازہر کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس پروگرام میں آپ نے علم، عمل اور دینی تعلیم و تربیت اور محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ اس مو قع پر ناظم اعلیٰ اور پرنسپل نے ہدیہ تذکاریہ کا تبادلہ کیا۔

نماز عصر کے بعد ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آپ کے اعزاز میں عصرانہ کا اہتمام کیا، جس کے بعد آپ نے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے ساتھ لاہور کے تاریخی مقامات کا وزٹ کیا اور شام کو آپ کے اعزاز میں پرتپاک عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

7 فروری 2012ء

07 فروری کو شیخ الازھر نے عالم اسلام کے مشہور صوفی بزرگ حضرت عثمان بن علی ہجویر ی المعرو ف داتا گنج بخش کے دربار پرانوار مرکز تجلیات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ آپ کو محکمہ اوقاف کی طرف سے سرکاری پروٹوکول دیاگیا۔ داتا صاحب پہنچنے پر خطیب داتا دربار الشیخ مفتی محمد رمضان سیالوی اور محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر نے آپ کا استقبال کیا۔ ناظم اعلیٰ، پرنسپل COSIS، ناظم امور خارجہ، نائب ناظم اعلیٰ، امیر پنجاب کے علاوہ دیگر قائدین اور اساتذہ کرام موجود بھی اس حاضری میں آپ کے ساتھ تھے۔

حاضری کے بعد قائدین تحریک منہاج القرآن اور اساتذہ نے آپ کواسلام آباد کے لیے ا لوداع کیا۔ اس سفر میں آپ کے ساتھ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور وائس پرنسپل ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری بھی ساتھ تھے۔

اسلام آباد پہنچنے پرمیریٹ ہوٹل میں قائدین تحریک منہاج القرآن اسلام آباد نے آپ کا شاندار استقبال کیا اورآپ کو معروف تفریحی مقام پیر سوہاوہ اور دامن کوہ کی سیر کروائی گئی اور وہاں آپ کے لیے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا، عشائیے میں بزنس مین اور انجینئر حضرات آپ کے ہمراہ شریک ہوئے۔

8 فروری 2012ء

08 فروری کی صبح آپ مصر ایمبیسی تشریف لے گئے، جہاں آپ نے اپنے متعلقین سے ملاقاتیں کیں اور اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کا وزٹ کیا۔ وہاں آپ نے مصری اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی اور شام 05 بجے دوبارہ ہوٹل تشریف لائے۔ رات کو ایمبیسی نے آپ کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا تھا۔

9 فروری 2012ء

09 فروری کی صبح آپ نے اسلام آباد میں بعض مصری اساتذہ کرام کے ساتھ ملاقات کی اور اس کے بعد ڈاکٹر غلام محمد قمر الازہری کے ساتھ وزٹ کے لیے تشریف لے گئے۔ اسی شام پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا نے قائداعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے آپ کو مصر کے لیے روانہ کیا۔

 

تبصرہ

Top