ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا دورہ جاپان

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جاپان کا تین روزہ دورہ کیا۔ اس دورہ میں انہوں نے سیرت و اتباع مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کے علاوہ جاپان کے رفقاء، اراکین اور مجلس شوریٰ کے تربیتی اجتماعات سے بھی خطابات کیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کے زیراہتمام 31 مارچ 2013 کو سیرت و اتباع مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس جامع مسجد المصطفی میں منعقد ہوئی جس سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج انسانیت عالمی سطح پر کئی پیچیدہ مسائل میں گھری ہوئی ہے، اقوام متحدہ (UN) سے لے کر ہر ملک کی غیر سرکاری سماجی تنظیمات (NGOs) تک ان انسانی مسائل کے حل کے لئے پریشان ہیں۔ مگر یہ حقیقت تقویت ایمان کا باعث ہے جو عالمی انسانی مسائل موجودہ دور میں پریشانی کا باعث بن رہے ہیں سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قرآن و سنت کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کی صورت میں ان کا حل چودہ صدیاں قبل ہی عطا فرما دیا تھا۔ اب ہماری ذمہ داری ان عصری مسائل کا حل تلاش کرنا نہیں بلکہ بارگاہ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملنے والے حل کو نافذ اور رُو بہ عمل کرنا ہے۔

صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل باندوسٹی اباراکی کین اور جامع مسجد محمدیہ ایسے ساکی میں منعقدہ سیرت و اتباع مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز کے اجتماعات سے خطابات کیے۔ علاوہ ازیں مختلف مقامات پر جاپان کے رفقاء و اراکین کو اخلاقی و تربیتی لیکچرز بھی دیئے۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی تنظیم نو بھی کی گئی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے دورہ کے دوران جاپان کی روحانی شخصیت ترکی کے شیخ نعمت اللہ ہمہ وقت ان کے ہمراہ رہے۔ شیخ نے سیرت و اتباع مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو دنیا اسلام کی سب سے بڑی اسلامی یونیورسٹی جامعۃ الازہر (مصر) سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں ترکی کے دورہ کی دعوت دی۔

رپورٹ: محمدانعام الحق

تبصرہ

Top