شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری

مورخہ: 14 مارچ 2016ء

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 14 مارچ 2016 کو اجمیر شریف میں حضرت معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی، اجمیر شریف پہنچنے پر دربار کے خادم سلمان چشتی نے سینکڑوں زائرین کے ہمراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا استقبال کیا، مزار پر ان کی دستار بندی کی گئی اور انہیں روایتی تحائف دئیے گئے، ڈاکٹر طاہرالقادری کو اپنے درمیان دیکھ کر سینکڑوں زائرین نے ’’جیوے جیوے طاہر جیوے ‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ان سے مصافحہ کرتے رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہاکہ خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی دینی خدمت اور برکت سے بر صغیر پاک و ہند میں بالعموم اور راجپوتانہ میں بالخصوص اسلام پھلا پھولا۔ آپ کے انسان دوست طرز معاشرت اور حسن سلوک سے ہزاروں نہیں لاکھوں کی تعداد میں لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہو ئے۔ انکی زندگی صدق و صفا، زہد و تقوی اور عبادت و طہارت کا عملی نمونہ تھی۔ انکے پاس نہ کوئی دولت تھی، نہ فوج، نہ خزانہ اسکے باوجود انہوں نے کروڑوں انسانوں کے دلوں پر حکومت کی جو آج تک قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ اللہ کے انعام یافتہ بندوں میں شامل ہیں کہ جن کی درگاہ پر آ کر دلوں کو سکون ملتا ہے، انہوں نے کہاکہ ان سے عقیدت رکھنے والے پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں ان میں ہر مذہب اور مکتب فکر کے لوگ شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ وہی کامیاب اور انعام یافتہ لوگ ہیں جو اپنی زندگیوں کو اللہ اور اسکی مخلوق کی خدمت کیلئے وقف کر دیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حضرت معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ نے تمام عمر امن، محبت، رواداری اور مخلوق خدا کی خدمت کی۔ انہوں نے کہاکہ جب کوئی انسان ذات، جماعت، مسلک، دنیاوی فوائد اور لالچ سے خود کو بلند کر لیتا ہے تو وہ اللہ اور اس کی مخلوق کا محبوب ترین بن جاتا ہے، آج اس امر کی ضرورت ہے کہ کشف و کرامات پر زور دئیے بغیر خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی ہدایت اور علم کے نور سے آراستہ زندگی سے استفادہ کیا جائے۔ شیخ الاسلام نے نئی دہلی میں حضرت بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بھی حاضری دی۔

His eminence Shaykh-ul-Islam Dr. Muhammad Tahir-ul-Qadri Visits the Shrine of Sultan-ul-Auliya Hazrat Khwaja Moinuddin Chishti R.A. #DrQadriIndiaTour2016

Posted by Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri on Monday, March 14, 2016

تبصرہ

Top