اوسلو: منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے تنظیمی فورمز کی نشست

مورخہ: 03 اگست 2017ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 2 اگست 2017ء کو اوسلو میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروے کے تنظیمی فورمز کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ تنظیمی عہدیداروں کی نشست میں صاحبزادہ حماد مصطفیٰ قادری اور صاحبزادہ احمد مصطفیٰ المدنی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتل اعلیٰ کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانا نصیب نہیں ہوگا۔ نواز شریف باسٹھ، تریسٹھ کے ساتھ ساتھ غداری کے بھی مرتکب ہوئے، سلطنت شریفیہ کے مکمل خاتمہ کیلئے تمام جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا۔ سانپ زخمی ہوا ہے ابھی مرا نہیں، ملکی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے سانپوں کے سر کچلنا ہوں گے۔ نواز شریف کی نااہلی سے خوشی مگر اپوزیشن کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار نہ آنے پر دکھ ہوا، نواز شریف اپنے معاشی جرائم کے باعث نااہل ہو کر سیاسی انجام سے دوچار ہو گئے مگر ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب باقی ہے۔

اس سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری تنظیمی دورے کے لیے مصر سے ناروے پہنچے، جہاں اوسلو ائیرپورٹ پر اورسیز پاکستانیوں اور کارکنان نے آپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ ناروے میں دہشت گردی کے خلاف نوجونواں کی تربیت کے لیے ’’یورپین الھدایہ کیمپ 2017‘‘ 4 اگست سے شروع ہو رہا ہے۔ تین روزہ کیمپ میں یورپ بھر سے طلباء و نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوگئی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی لیکچرز دیں گے۔

دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری نے بدھ کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ علی بابا گرفت میں آگیا چالیس چور بھی پکڑے جائیں گے۔ کرپشن پر مبنی ریفرنسز کے فیصلے آنے سے لندن میں تعمیر کیے گئے محلات اور لوٹی گئی دولت بھی واپس آئے گی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 8 اگست 2017ء کو وطن واپس آ رہے ہیں۔ لاہور ائیرپورٹ پر ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، تحریک کے تمام فورمز استقبال کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

تبصرہ

Top