حسین محی الدین قادری کا دورہ ڈنمارک

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فیڈرل کونسل کے صدر صاحبزادہ محمد حسین محی الدین قادری 17 جنوری 2010ء کو تحریکی و تنظیمی دورہ پر ڈنمارک آئے۔ یہ آپ کے دورہ یورپ کا حصہ تھا، جس میں منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی بھی ان کے ساتھ تھے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی تمام تنظیمات اور مرکزی قائدین نے ایئرپورٹ پر حسین محی الدین قادری کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر ننھے منھے بچوں نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔

حسین محی الدین قادری کے 2 روزہ دورے کا آغاز 17 جنوری 2010ء کی شام کو ہوا۔ جہاں منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی میں رفقاء اور وابستگان کے ساتھ خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اوڈنسے سے راجہ محمد اکبر کی قیادت میں 15 رکنی وفد نے پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈنمارک کی تمام لوکل مساجد اور سنٹرز کے آئمہ حضرات اور 500 کے لگ بھگ رفقاء بھی پروگرام میں شریک تھے۔ اس پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمار کے صدر سید محمود شاہ نے حسین محی الدین قادری کو سپاس نامہ پیش کیا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ہماری وابستگی محض محبت الٰہی، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت دین کی وجہ سے ہے۔ مسلمان کی سب سے قیمتی چیز اس کا ایمان ہے اور یہ نسبت ہمارے ایمان کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ اس لیےہم اس وابستگی کا چرچا دنیا بھر میں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر کے دورہ ڈنمارک کا مقصد بھی یہی ہے۔

حسین محی الدین قادری نے مختصر گفتگو میں ڈنمارک کی تمام تنظیمات کو اس عظیم الشان پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آپ نے اپنے خطاب میں محبت الٰہی، محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور محبت اولیاء کے موضوع پر گفتگو کی۔ حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اللہ، رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اولیاء کرام کی یہ سب محبتیں ایک ہی محبت کے مختلف مظاہر ہیں۔ آپ نے کہا کہ جو محبت اللہ تعالیٰ کی محبت کو بڑھانے کا سبب بنے وہ غیر اللہ کی محبت نہیں بلکہ حقیقت میں یہی اللہ تعالیٰ کی محبت ہے، جو بندے کو قرب الہی دیتی ہے۔ دوسری جانب جو محبت اللہ تعالیٰ سے بندے کو غافل کرے وہ غیر اللہ کی محبت ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ کے ساتھ محبت کرنا سیکھنا ہو تو حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک زندگی کے معمولات سے سیکھو۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کو سیکھنا ہو تو اللہ کے ایسے بندوں کو تلاش کرو، جو تمہیں پہلی دونوں محبتوں کے قریب کر دیں۔

آپ نے کہا کہ اولیاء کرام فرماتے ہیں "جو شخص لوگوں کو دکھانے کے لئے اللہ تعالیٰ کے دین کا کام کرے تو یہ ریا کاری ہے" آپ نے تحریکی کارکنوں کی تربیت کے لیے کہا کہ کسی بھی تحریک، جماعت، تنظیم کے قائد کی ذات سے محبت پہلے کارکنوں پر اس شخصیت کی اتباع لازم ہے۔ اس کے برعکس کیا جائے تو یہ وہابیت اور سلفیت ہے جس کی ایمان کی زندگی میں اجازت نہیں ہے۔ آپ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام امن و علم گھر پہنچانے کے لیے کارکن بذریعہ CD's DVD دعوت کو گھر گھر پہنچائیں۔ اس کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سےتعلق کو مضبوط کرنے کے لیے گھروں میں حلقہ درود کو قائم کیا جائے۔

آپ کے خطاب کے بعد اس موقع پر 34 نئے رفقاء نے منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ اختیار کی۔ اس کے علاوہ آپ نے "الھدایہ کیمپ 2009ء" کے شرکاء کو حدیث مسلسل بالمصافحہ کی سندات بھی تقسیم کیں۔ اس تقریب میں کمپئرنگ کے فرائض علامہ ندیم یونس منہاجین نےسرانجام دیئے۔ پروگرام کے شرکاء کو منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج ویمن یوتھ لیگ ڈنمارک کی طرف سے عشائیہ بھی پیش کیا گیا۔

دورے کے دوسرے اور آخری روز 18 جنوری 2010ء کو حسین محی الدین قادری کے اعزاز میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کی طرف سے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے منہاج القرآن انٹرنیشنل آما سنٹر کی انتظامیہ نے پروقار تقریب منعقد کی۔ جس میں شرکت کے بعد قائدین واپسی کے لئے روانہ ہوگئے۔ دریں اثناء منہاج القرآن ڈنمارک کے عہدیداروں نے حسین محی الدین قادری کو اگلی منزل کے لیے ائیرپورٹ پر الوداع کیا۔

رپورٹ : (بلال اپل) ڈنمارک

تبصرہ

Top