نظامت امور خارجہ کے وفد نے عید الفطر سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ منائی

ملک پاکستان میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب سے کروڑوں افراد متاثر ہوئے جن کی ریلیف کے لئے حضور شیخ الاسلام کی ہدایات کی روشنی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں ان کی ریلیف کے لئے خیمہ بستیاں قائم کیں جہاں ضروریات زندگی کی فراہمی اور راشن کی بروقت اور مناسب تقسیم کو اپنا شعار بنایں۔

جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک میں ہونے والی اس تباہی اور آفت زدہ علاقوں کے متاثرہ افراد کے دکھوں کے مداوا کرنے کے لئے گذشتہ 20سال سے منعقد ہونے والے اعتکاف کو منسوخ کر دیا اورمعتکفین سمیت مشن سے وابستہ جملہ عہدیدارن، رفقاء، کارکنان اور وابستگان کو ہدایت کی کہ وہ مصیبت زدہ بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کی اشک شوئی کے لئے عید سادگی سے منائیں، عید کی خریداری پر آنے والے اخراجات سیلاب زدگان کے لئے وقف کریں اورا عتکاف کے دس دن اورعید کے دو دن سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں میں اپنے ان مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ گذاریں۔ شیخ الاسلام کے احکامات کی روشنی میں CWCمیں کئے گئے فیصلہ کے مطابق مرکزی قائدین کے وفودنے سیلاب سے متاثر ہونے والے مختلف علاقوں میں عید گذارنے کے لئے اپنے وفود تشکیل دیئے چنانچہ نظامت امور خارجہ کا 3 رکنی وفد ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے لئے روانہ ہوا، وفد میں محمد وسیم افضل قادری(سیکرٹری امورخارجہ ) اور محمد علیم شامل تھے۔

مورخہ 09ستمبر2010ء بروز جمعرات

نظامت امور خارجہ کا وفد بعد نماز فجر مرکزی سیکرٹریٹ سے روانہ ہوااور10گھنٹے کے سفر کے بعد راجن پور پہنچا جہاں صوبائی نائب امیر تحریک سردار شاکر مزاری اور دیگر تنظیمی ساتھیوں نے استقبال کیا اورمنہاج القرآن لاہور کے تعاون سے کوٹلہ نصیر کے کے مقام پر ایک خیمہ بستی کا انعقاد کیا گیا تھا وہاں کا وزٹ کرایا گیااور افطاری کے بعد مقامی تنظیمی ساتھیوں کے ساتھ اگلے دن کا شیڈول ترتیب دیا گیا

مورخہ 10ستمبر2010ء بروزجمعۃ المبارک

نظامت امور خارجہ کاوفد سحری اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد سردار شاکر مزاری اور دیگر تنظیمی ساتھیوں کے ساتھ راجن پور کے مضافاتی علاقوں میں سیلاب سے متاثر افراد سے رابطہ اور ملاقات کے لئے روانہ ہواجس میں بھیگ گاؤں، کوٹ مٹھن شریف، روجھان اور دیگر علاقے شامل تھے۔ نماز جمعہ راجن پور میں ادا کی گئی، بعد ازاں منہاج خیمہ بستی کوٹلہ نصیر راجن پور میں متاثرین سیلاب سے تعارف اور ملاقات کی گئی، یاد رہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لاہور تنظیم کی کفالت سے کوٹلہ نصیر میں قائم کی گئی خیمہ بستی میں 53 خیموں میں تقریباً  61 فیملیزکو ٹھرایا گیا تھا جن میں کل نفوس کی تعداد  563 تھی۔ یہ خیمہ بستی پورے علاقہ میں ایک ممتاز حیثیت کی حامل تھی یہ واحدخیمہ بستی تھی جہاں ساکنین کو بجلی کی سہولت مہیا تھی یوں ہر خیمہ میں بلب، پیڈسٹل فین، واٹر کولر، چٹائی، برتن، صابن اور دیگر ضروریات زندگی بھی مہیا کی گئی تھیں، خیمہ بستی میں مقیم متاثرہ افراد کے لئے فری میڈیکل ڈسپنسری بھی قائم کی گئی تھی جہاں ایم بی بی ایس ڈاکٹر چوبیس گھنٹے خدمات دے رہے تھے، خیمہ بستی میں مقیم خاندانوں کے لئے سحری وافطاری کا بھی وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

عید کے دن کا اہتمام

ناظم امور خارجہ راجہ محمد جمیل اجمل نے خیمہ بستی کی انتظامیہ حافظ غلام فرید، محمد سلطان، محمد طاہراور خلیل احمد رند کے ساتھ میٹنگ کی اور عید اور ٹرو کے شیڈول کو ترتیب دیا

چاند رات میں گھریلو ماحول کی جھلک

افطاری کے بعد چاند رات کو ناظم امور خارجہ نے خیمہ بستی کے تمام خیموں میں خواتین اور بچیوں کو مہندی کی کون فراہم کی اور ترغیب دی کہ جو خاتون یا بچی مہندی کے اچھے ڈیزائن بنائے گی عید کے دن مقابلہ کے بعد انہیں انعام دیا جائے گا یوں بچیاں رات گئے تک اس خوبصورت اور گھریلو مصروفیت میں مشغول رہیں اور بڑی محنت سے مہندی لگانے کا اہتمام کیا اس ترغیب کا مقصد یہ تھا کہ پریشان حال افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے اور یوں چاند رات کو پوری خیمہ بستی میں گھریلو ماحول کی جھلک نظر آتی رہی۔

مورخہ 11ستمبر2010ء بروز ہفتہ

نماز فجر کی ادائیگی کے بعد خیمہ بستی کا وز ٹ کیا۔ اس کے بعد ساکنین خیمہ بستی کونماز عید الفطر کی ادائیگی کے لئے ساتھ لے کرمنہاج عید گاہ میں نماز عید ادا کی گئی، عید کے اجتماع سے محمد سلطان قادری نے خطاب کیا جبکہ حافظ غلام فرید نے نماز عید کی امامت کرائی اور خطبہ دیا(منہاج اسلامک سنٹر و عید گاہ کے لئے سردار فتح محمدآف کوٹلہ نے تقریباً8کنال اراضی وقف کی ہے )

عید کے دن کا اہتمام

عید الفطر کی ادائیگی کے بعدمنہاج خیمہ بستی میں تمام ساکنین کو انفرادی طور پر عید مبارک پیش کی گئی اور مبارک دی گئی، ناظم امور خارجہ نے ہر خیمہ میں جا کر بچوں اور بچیوں میں عید الفطر کے گفٹ پیک تقسیم کئے جن میں گڑیا، گیند، کھلونے، سلانٹی، چپس، نمکو اور ٹافیاں شامل تھیں اس کے بعد نظامت امور خارجہ کے وفد کے سربراہ نے خیمہ بستی میں موجود تمام بچوں، بچیوں اور خواتین میں نقدعیدی تقسیم کی۔

مہندی کے ڈیزائن کا مقابلہ

منہاج خیمہ بستی کے ساکنین کو چاند رات کو مہندی کی کون تقسیم کی گئی تھیں اور انہیں کہا گیا تھا کہ خوبصورت ڈیزائن بنانے والی بچیوں کو نقد انعام دیا جائے گا اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے تقریباً 200 کے قریب خواتین اور بچیوں نے مقابلہ مہندی میں بخوشی شرکت کی، بتدریج شارٹ لسٹ کرتے ہوئے پانچویں مرحلہ میں جا کر 3 بچیوں کو سلیکٹ کیا جن کو خوبصورت اور اچھے ڈیزائن بنانے پر نقد انعام دیا گیا۔ یہ ایک یادگار ایونٹ بن گیا اور تمام خیمہ بستی اس سے خوب محظوظ ہوئی۔

مٹھائی کی تقسیم

منہاج خیمہ بستی میں مقیم افراد کے ساتھ عید کی خوشیوں کو Share کرنے کے لئے ہر خیمہ میں مٹھائی کا ایک ایک ڈبہ فراہم کیا گیا

مورخہ 12ستمبر2010ء بروزاتوار

نظامت امور خارجہ کے وفد نے دربار کوٹ مٹھن شریف پر حاضری دی اور منہاج خیمہ بستی میں مقیم افراد کے ساتھ تربیتی نشست کا اہتمام کیا۔

امیر لاہور اور منہاج یوتھ لیگ فیصل آباد کی خیمہ بستی میں آمد

امیر لاہورارشاد احمد طاہر اور منہاج یوتھ لیگ فیصل آباد کے وفد نے خیمہ بستی کا وزٹ کیا اور انتظامات کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کو مبارکبا دپیش کی

تلاوت، نعت و کوئزمقابلہ

منہاج خیمہ بستی میں مقیم جملہ افراد کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں لاہور اور فیصل آباد سے آنے والے ساتھیوں کا تعارف اور ان کی آمد کا مقصد بیان کیا گیا اس کے بعد مقابلہ تلاوت، نعت اور کوئز کا اہتمام ہواجس میں جملہ ساکنین خیمہ بستی نے ذوق وشوق کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی اور مقابلہ جات میں حصہ لیا۔

بچوں کے درمیان دوڑ کا مقابلہ

خیمہ بستی میں مقیم بچیوں اور خواتین میں مہندی لگانے کے مقابلہ کی طرح بچوں کی خوشی اور مسرت کے لئے دوڑ کا اہتمام کیا گیا۔ 5، 10 اور 12سال کے بچوں کے درمیان یہ مقابلہ کروایا گیا اور جیتنے والے بچوں میں نقد انعام تقسیم کئے گئے۔

منہاج خیمہ بستی میں تعلیم وتربیت۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ منہاج خیمہ سکول کا قیام

ناظم امور خارجہ راجہ محمد جمیل اجمل نے ساکنین خیمہ بستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیتا ہے لہذا اس خیمہ بستی میں آپ کے بچوں اور بچیوں کی دینی و دنیاوی تعلیم وتربیت کے لئے منہاج خیمہ سکول قائم کیا جارہا ہے جس میں منہاج خیمہ بستی میں ہی مقیم تین طالبات نے آپ کے بچوں کو پڑھانے کی ذمہ داری قبول کی ہے لہذا آپ سب اپنے بچوں کو بنیادی تعلیم کے لئے منہاج خیمہ سکول میں بھجوائیں تاکہ وہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو سکیں۔

خیمہ بستی میں پودے لگانے کی مہم

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے  27 ویں شب کو لیلۃ القدر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، غم وغصہ، اشتعال، بے راہ روی اور شدت پسندی کی ایک وجہ ماحول میں پائی جانے والی شدت آلودگی ہے لہذا تمام وابستگان اپنے ارد گرد کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لئے ایک ایک پودا لگائیں، شیخ الاسلام کے احکامات کو خیمہ بستی میں عملی جامہ پہناتے ہوئے اور بستی والوں کی آگاہی کے لئے نظامت امور خارجہ کے وفد نے منہاج خیمہ بستی اور منہاج القرآن اسلامک سنٹر و عید گاہ میں تقریباً 40 عدد پودے لگائے اور مقامی افراد کو بھی اس مہم میں شامل کیا۔

مورخہ13ستمبر2010ء بروز سوموار

نظامت امور خارجہ کا وفدبعد از نماز عصر مرکز واپسی کے لئے روانہ ہو، اللہ رب العزت کاشکر ہے کہ اس نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی عظیم سوچ، اور فکر پر لبیک کہتے ہوئے 5 دن سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ گذارنے کی سعادت بخشی۔ ناظم امور خارجہ راجہ محمد جیل اجمل نے مرکز واپس پہنچنے پر کہاکہ اللہ رب العزت ہماری اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

رپورٹ: محمد وسیم افضل قادری(سیکرٹری امور خارجہ)

تبصرہ

Top