تحریک منہاج القرآن کا 30 واں یوم تاسیس تزک و احتشام سے منایا گیا

تحریک منہاج القرآن کا 30 واں یوم تاسیس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تزک و احتشام سے منایا گیا۔ گوشۂ درود کی زیر تعمیر پرشکوہ عمارت کے سائے تلے ہونے والی اس انتہائی پر وقار تقریب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ فیض الرحمن درانی، بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان، شیخ زاہد فیاض، جی ایم ملک اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی قائدین نے خصوصی طور پر یوم تاسیس کی اس تقریب میں شرکت کی۔

پنڈال جیوے جیوے طاہر جیوے کے نعروں سے گونجتا رہا ۔ تحریکی ترانہ ظلمت آفاق میں چمکے گا طاہرالقادری منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پرعزم نوجوانوں نے پڑھا تو پنڈال میں کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب کی صدارت مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کی۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے یوم تاسیس کی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 برس قبل لاہور سے شروع ہونے والی تحریک منہاج القرآن آج عالم اسلام کی سب سے بڑی اور مؤثر تحریک بن چکی ہے۔ تجدید و احیائے دین اور اقامت دین کی اس عالم گیر تحریک کا وجود 5 براعظموں تک پھیل چکا ہے اور اسلام کی حقیقی تعلیمات جو امن و سلامتی اور فلاح پر مبنی ہیں کے پھیلاؤ میں تحریک منہاج القرآن کا کردار تاریخی نوعیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجدید و احیائے دین کی اس عالمگیر تحریک کے اثرات اگلی کئی صدیوں پر محیط ہوں گے۔ تحریک منہاج القرآن نے امت کے منتشر شیرازے کو متحد کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کلی بگاڑ کا شکار ہے اس لیے تحریک کا کردار بھی ہمہ جہت ہے اور پوری دنیا میں اسلام کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قائدین و کارکنان جس جذبے اور محبت سے عملی طور پر سیلاب زدہ افراد کی خدمت کی ہے اسے دیکھ کر میرا دل بہت خوش ہوا ہے۔ متاثرہ افراد کا خادم بننے کی سعادت حاصل کرنے والے تمام قائدین و کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن آئندہ بھی مشکل کی ہر گھڑی میں خدمت خلق کی اس روایت کو زندہ رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عیدالاضحی کے تینوں دن ذبح کیے جانے والے ہزاروں دنبے، بکرے اور گائیں کا گوشت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام کی فکر نے ہمیں حقیقی زندگی سے روشناس کرایا اور ہماری بے مقصد زندگی کو مصطفوی انقلاب کا عظیم مقصد اور منزل عطا کی ہے اور دنیا کے 150 ممالک میں تحریک کی دعوت پہنچ چکی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا وجود امت مسلمہ کے لیے عظیم نعمت ہے اللہ ان کی عمر میں برکت عطا فرمائے۔

نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ تحریک کے 30 سالہ سفر میں شیخ الاسلام کی فیملی نے جو قربانیاں دی ہیں انہوں نے تحریک کو آج اس مقام تک پہنچایا دیا ہے کہ عالم اسلام کی نظریں اس تحریک پر لگی ہوئی ہیں۔

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک کا 30 سالہ سفر قربانیوں کا سفر ہے۔ آج کے دن میں تحریک کے عظیم کارکنوں کو بے مثال قربانیاں دینے پر سلام پیش کرتا ہوں۔

نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام نے اس تحریک کی بنیاد رکھ کر امت پر احسان عظیم کیا ہے۔

تحریک کے مرکزی امیر فیض الرحمن درانی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلاف کے عظیم پیغام کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کا عظیم فریضہ انجام دے رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت مسلمہ کے لیے عظیم تحفہ ہیں اللہ ان کی عمر اور تحقیقی کام میں برکت عطا فرمائے۔

راجہ جمیل اجمل ڈائریکٹر فارن افیئر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ بیرونی دنیا میں تحریک منہاج القرآن کا وجود اسلام کے لیے وقار اور تمکنت کی علامت ہے۔

سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیخ الاسلام کی فکر امت کے لیے بہت بڑا سرمایہ ہے۔

تقریب سے بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خان، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، بابر چوہدری، رانا فاروق محمود، رانا فیاض، الحاج شیخ محمد سلیم، شیخ محمد اسلم، سید فرحت حسین شاہ اور افتخار شاہ بخاری نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top