منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ضیافت میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

مورخہ 31 جنوری 2012ء بروز سوموار منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام عظیم الشان ضیافت میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا اور مل کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی کا جشن منانا تھا۔ اس بابرکت اور پُرمسرت تقریب میں دخترانِ شیخ الاسلام محترمہ قرۃ العین فاطمہ قادری صاحبہ، محترمہ فضہ حسین قادری صاحبہ اور مادر تحریک کی ہمشیرہ محترمہ مسرت جبیں قادری صاحبہ نے خصوصی شرکت فرمائی۔

علاوہ ازیں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر ممبران محترمہ ڈاکٹر نوشابہ حمید، محترمہ فریدہ سجاد، محترمہ رافعہ علی قادری، محترمہ عائشہ شبیر، محترمہ نورید فاطمہ، محترمہ ارشاد اقبال، مسز مسکین فیض الرحمان درانی، مسزگل فرید عباسی، مسز راجا جمیل اجمل اور لاہور بھر سے تقریبا 1000 خواتین نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد وجہ تخلیقِ کائنات، سرورِ دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بار گاہ بے کس پناہ میں ہدیہ دوردوسلام اور ثنا خوانی کی گئی اور یہ سعادت منہاج نعت کونسل MCW، منہاج نعت کونسل واہگہ ٹاؤن، منہاج نعت کونسل عزیز بھٹی ٹاؤن، منہاج نعت کونسل نشتر ٹاؤن، منہاج نعت کونسل کینٹ ٹاؤن اور محترمہ شمائلہ عباس کے حصے میں آئی۔ اس دوران محفل میں روحانی کیفیت بن گئی۔ محفل میں نقابت کے فرائض محترمہ گلشن ارشاد (ناظمہ تربیت MWL) نے انجام دئیے۔

رونقِ محفل دخترِ قائد محترمہ قراۃ العین فاطمہ صاحبہ نے انتہائی مدلل، پُراثر اور علمی انداز میں عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تقاضوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کائنات کے حسن کا ہر زرہ دہلیز مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادنیٰ سا بھکاری ہے۔ تاجدارِ کائنات سے دلی محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عشق اور اتباع کا عملی نمونہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی اشاعت، احیاء اور غلبہ کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہے۔ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عشق ہم سے وفا داری کا تقاضا کرتی ہے۔ اس لئے ہمیں اپنی زندگیاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی اور وفا داری کا ثبوت دیتے ہوئے گزانی ہوں گی اور نصرت دین کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا داری کا جو درس آپ کو منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے شیخ الاسلام کی علمی، فکری، روحانی اور اخلاقی صحبتوں کے ذریعے نصیب ہوا ہے اس کی جھلک آپ کے ظاہروباطن میں نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ رب العزت نے ہمیں تحریکِ منہاج القرآن کی صورت میں ایک عظیم پلیٹ فارم عطا کیا ہے جو عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اتباع رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور وفا داریء رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پرچار ا ور عملی نمونہ پیش کررہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نقشِ قدم پر چلیں اور اُن کی رہنمائی میں دینِ حق کی سربلندی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فروغ کے لئے عملی کاوشیں کریں۔

محفل کا اختتام حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام اور محترمہ قراۃ العین فاطمہ صاحبہ کی دعا پر ہوا۔

تبصرہ

Top