ماہانہ مجلس ختم الصلاۃ علی النبی (ص) میں آئیں حدیث سیکھیں کورس کی تقریب تقسیم اسناد

مورخہ: 03 مئی 2012ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع 03 مئی 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں صفہ ہال  پر منعقد ہوا۔ اس روحانی اجتماع میں ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مہمان خصوصی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے امیر مسکین فیض الرحمن درانی، سینئر نائب ناظم  اعلی شیخ زاہد فیاض، شیخ الالفقۃ والحدیث مفتی عبد القیوم خان ہزاروی، شیخ اللغۃ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر چشتی، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک،  پرنسپل ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا، انجینئر رفیع الدین، سید شفقت علی شاہ، فیض عالم، سائمن سکالسٹڈ، فیصل مشہدی، الطاف چیمہ، راجہ جمیل اجمل، علامہ رانا محمد ادریس قادری، سید فرحت حسین شاہ، محمد شریف کمالوی، جواد حامد، شہزاد رسول، علامہ غلام مرتضی علوی، راجہ زاہد، گوشہ درود کے خدام حاجی محمد سلیم قادری اور سید مشرف شاہ کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں خواتین بھی کثیر تعداد میں موجود تھیں، جن کے لیے پنڈال کا الگ حصہ مختص کیا گیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 9 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں حافظ عنصر علی قادری، شہزاد برادران، منہاج نعت کونسل لاہور اور ان کے ہمنوا کے علاوہ دیگر نعت خواں حضرات نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے سرانجام دیے جبکہ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے شیخ الاسلام کی شخصیت پر اعتراضات کے جوابات اور ان کی شخصیت پر مدلل انداز میں خطاب کیا۔

نظامت تربیت تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جاری کورسز میں سے آئیں حدیث سیکھیں کورس کے کامیاب طلبہ کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات بھی اسی پروگرام میں منعقد ہوئی۔ آئیں حدیث سیکھیں کورس کا آغاز یکم مارچ 2012ء سے ہوا جبکہ یکم اپریل سے اس کورس کے دوسرے سیشن کی کلاسسز شروع ہوئیں جس کی کلاس ہفتہ میں چار روز جامع مسجد منہاج القرآن میں ہوتی ہے۔ اس کورس میں "المنہاج السوی"میں سے منتخب چالیس احادیث مبارکہ حفظ کروائی جاتی ہیں۔ ماہ اپریل میں چار طلبہ نے کامیابی حاصل کی جن کے نام درج ذیل ہیں۔

  1. محمد شعیب
  2. مختار احمد
  3. طاہر فاروق
  4. محمد سلیمان

تقریب کے دوران پروفیسر محمد نواز ظفر نے طلبہ سے احادیث مبارکہ ترجمہ کے ساتھ سماعت کیں جن کو سن کر شرکاء مجلس نے طلبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان طلبہ کے لیے الگ ایک "مسند متعلمین حدیث"کے نام سے مسند بنائی گئی جہاں پر یہ احباب جلوہ افروز ہوئے۔ اسی طرح ہر ماہ الگ مسند لگائی جائے گی اور کامیاب طلبہ کو وہاں پر بٹھایا جائے گا۔ کورس ھذا کی تدریس نظامت تربیت کے ذمہ داران احباب سرانجام دیتے ہیں اور ان کی سرپرستی پروفیسر محمد نواز ظفر فرماتے ہیں۔ کامیاب طلبہ میں شیخ الاسلام کی مرتب کردہ کتاب "المنہاج السوی" اورایک ایک ہزار روپے نقدی تقسیم کیے گئے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ایک تربیتی خطاب کی ویڈیو دکھائی گئی، جس میں انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء اور تمام انسانیت کی ہمہ جہتی تربیتی پہلو پر گفتگو کی گئی تھی۔ پروگرام کے اختتام پر مسکین فیض الرحمن درانی نے تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی، اس کورس میں حصہ لینے والے طلبہ اور اس کے منتظمین اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کے لئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

Top