نواب شاہ : شہداء کربلا کے ایصال ثواب کےلیے قرآن خوانی وحلقہ درود

مورخہ 23 نومبر 2012ء کو منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ کے زیراہتمام ناظمہ فرزانہ فیصل کے گھر ممتاز کالونی میں شہداء کربلا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وحلقہ درود کا اہتمام کیا گیا، جس میں ناظمہ تربیت محترمہ رخشندہ رزاق، ناظم دعوت محترمہ غزالہ صغیر، ناظم نشرو اشاعت محترمہ ثنیہ محفوظ علی قادری، ویمن لیگ کی کارکن سدرہ کاشف، شازیہ سمیت علاقہ بھر سے خواتین نے شرکت کی۔

قرآن خوانی و حلقہ درود کا آغاز بعد نماز ظہر تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ ناظم دعوت محترمہ غزالہ صغیر اور دیگر ساتھیوں نے ہدیہ نعت ومنقبت پیش کی، حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ تربیت منہاج القرآن ویمن لیگ رخشندہ رزاق نے نواسہ رسول شہید کربلا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور جان نثاران امام عالی مقام کی عظمت و رفعت بیان کی۔ جسے سن کر شرکاء محفل کی آنکھیں اشکبار ہو گئی۔ انہوں نے معرکہ کربلا کے بعد پیش آنے والے مصائب کو بھی بیان کیا اور کہا کہ اگر ہم اپنے اسلاف کی تعلیمات کو اپنا نصب العین بنا لیں تو معاشرہ امن واخوت کا گہوارہ بن سکتا ہے اور اس سے یزیدی طاغوتی قوتیں اپنی موت آپ مر جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس پُرفتن دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت ہمیں اسلاف کی بارگاہ میں سرخرو کرنے کی خاطر صدائے حسینیت بلند کئے ہوئے ہیں کہ آئیں ہم نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنا ٹوٹا ہوا تعلق دوبارہ استوار کریں تاکہ ہمیں میدان محشر اور تاریکی قبر میں رسوا نہ ہونا پڑے۔

ناظمہ تربیت رخشندہ رزاق نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے قیام کا مقصد اور غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد خواتین میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بیداری شعور کا درس عام کرنا ہے، تاکہ خواتین کو تعلیمات اسلام سے بہرہ ور ہو کر اولاد کی تربیت میں اعلیٰ اوصاف کا اظہار کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 23 دسمبر کو پاکستان آمد کے موقع پر تاریخی عوامی استقبال میں خواتین اپنا کردار ہراول دستے کے طور پر ادا کریں گی اور سندھ بھر سے خواتین کی کثیر تعداد اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہیں گی۔

محفل کا اختتام دعائے خیر سے ہوا، جس میں ملک وملت کی سربلندی واستحکام و مصطفوی مشن کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : فرزانہ فیصل، ناظم منہاج ویمن لیگ نواب شاہ

تبصرہ

Top