چودھری شجاعت کی قیادت میں ق لیگ کے وفد کی ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے ملاقات

چودھری شجاعت کی قیادت میں ق لیگ کے وفد نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں پرویز الہی، مشاہد حسین سید اور مونس الہی شامل تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، صدر پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آج کی ملاقات 27 جنوری کو ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہے اور جلد وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کے ساتھ ق لیگ کی قیادت بھی دوبارہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کرے گی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت اسمبلی تحلیل ہونے سے پہلے معاہدہ کو لیگل کور دے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور عوامی شعور کی بیداری میں اس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔ میڈیا کی آزادی نے مواخذے اور محاسبے کا شعور عام کیا ہے۔ پاکستان کا سیاسی نظام بلیک ہول ہے جس میں عوام کو اندھیرے میں رکھا جاتا ہے۔ میڈیا نے اس اندھیرے میں روشنی کی کرن کا کردار ادا کیا ہے اور کرپشن کی کہانیاں عوام تک پہنچی ہیں۔ میڈیا کی آزادی معاشروں کا حسن ہوتی ہے اس لئے صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔

تبصرہ

Top