پاکستان عوامی تحریک کا مہنگائی، کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا اعلان

نیٹو سپلائی روکنے سے کچھ نہیں ہو گا، ڈرون مار گرائے جائیں
پاکستان ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں بک گیا، کرپشن جیت گئی اور غریب ہار گیا
غریب عوام کو لٹیروں سے نجات دلانے کیلئے جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی، جس سے انقلاب آئے گا
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کا ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب

حکومتی چھتری تلے ڈرگ مافیا و کرپشن مافیا کی لوٹ مار اور ہوشرباء مہنگائی کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے 29 دسمبر سے ملک گیر احتجاجی ریلیوں کا اعلان کر دیا۔ 29 دسمبر کو لاہور، 5 جنوری کو راولپنڈی، 12 جنوری کو کراچی اور 19 جنوری کو پشاور میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نیٹو سپلائی روکنے سے کچھ نہیں ہو گا، ڈرون مار گرائے جائیں۔ کوئی اور نہیں پاکستان کا قومی مفاد اہم ترین ہے، پاکستان ڈرون گرانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے اعلان کردہ ڈھائی کروڑ تک کی سرمایہ کاری کے پیکج کو پارلیمنٹیرینز نے 50 ارب روپے تک یا ان لمیٹڈ کروا لیا ہے۔ دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔ ایسے اقدامات سے ٹیکس چوروں اور کرپٹ مافیا کو نوازا جا رہا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اس سے بڑا ڈاکہ کبھی نہیں پڑا۔ لٹیروں کو بلیک منی کو وائٹ کرنے کا کھلا موقع فراہم کیا گیا۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بشارت عزیز جسپال، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام، جواد حامد اور چودھری افضل گجربھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر چند خاندانوں کے ہاتھوں بک گیا، کرپشن جیت گئی اور غریب ہار گیا۔ ٹیکس چوروں اور لوٹ مار کرنے والوں کو اللہ کی مدد اور اٹھارہ کروڑ عوام کے تعاون سے روکیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ امریکہ کسی کا دوست یا وفادار نہیں، وہ صرف اپنے مفادات کا وفادار ہے۔ اس کیلئے وہ کچھ بھی کر سکتا ہے، کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی سے جنگ نہیں لڑنا چاہتے لیکن وطن کی خود مختاری پر سمجھوتہ ہر گز نہیں ہو سکتا۔ وطن کی حفاظت کیلئے ڈٹ جانا وقت کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملکی خود مختاری، استحکام اور غریب عوام کو لٹیروں سے نجات دلانے کیلئے جلد ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی، جس سے انقلاب آئے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں بچے، بوڑھے، خواتین سب میرے ساتھ ہوں گے۔ یہ عوام کا احتجاج ہو گا۔ انقلاب کی جماعت جلد اور مناسب وقت پر ہو گی۔ سنار کی ٹھک ٹھک کا قائل نہیں، لوہار کی چوٹ کا قائل ہوں۔

تبصرہ

Top