آزاد کشمیر: تحریک منہاج القرآن میرپور ڈویژن کے عہدیداران کا مشاورتی اجلاس

منہاج القرآن آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے ضلعی و تحصیلی عہدیداران کا ماہانہ اجلاس امیر کشمیر سید ابرار سرور شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس کے مہمان خصوصی مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات منہاج القر آن انٹرنیشنل احمد نواز انجم تھے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قر آن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری منظور کو حاصل ہوئی۔ جبکہ بارگاہ رسالت میں نعت پاک پروفیسر بشارت علی چوہدری صدر تحریک منہاج القرآن میرپور نے پیش کی۔ ناظم کشمیر حافظ احسان الحق نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اور ضلعی کوآرڈینٹرز نے تحصیلات کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ احمد نواز انجم نے گزشتہ ماہ کی تحصیلی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ڈویژن میرپور کی ہر تحصیل کے صدور اور ناظمین کو آئندہ ماہ کے اہداف کے بارے میں بریفینگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن موجودہ دور میں عوام کا شعور بیدار کر رہی ہے، انہیں ان کے بنیادی حقوق کی آگاہی دے رہی ہے جس کو کرپٹ سیاستدانوں نے غصب کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ہر سطح پر ظلم کے خلاف سینہ سپر ہے، تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کا ہتھیار علم، امن اور محبت ہے۔

احمد نواز انجم نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی مصطفوی نظام کو نافذ کرنے کے لیے اور موجودہ ملکی مسائل کے حل کے لیے کرپٹ نظام سے بغاوت کئے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ کارکنان تنظیمی سطح پر مضبوطی و استحکام پیدا کریں۔ یونٹس، یونین کونسلز اور گلی و محلہ تک کی سطح تک تنظیم سازی کریں۔

امیر تحریک منہاج القرآن کشمیر سید ابرار سرور شاہ نے کہا کہ آئین پاکستان کی قدروں کو اگر ہم عملی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں تو ڈاکٹر طاہر القادری کے دیئے ہوئے ایک کروڑ انقلابی جانثار کے ہدف کو جلد از جلد مکمل کر کے پر امن سبز انقلاب کی طرف بڑھنا ہو گا، اس کے لئے کارکنان اپنی تیاریاں تیز کر دیں پرامن و سبز انقلاب ہماری منزل ہے۔

تبصرہ

Top