شہر اعتکاف 2015: محترمہ فضہ حسین قادری کی معتکفات کے ساتھ نشست

منہاج القرآن ویمن لیگ نے شہراعتکاف کی خواتین اعتکاف گاہ میں محترمہ فضہ حسین قادری کے ساتھ معتکفات کی نشست کا اہتمام کیا۔ محترمہ فضہ قادری نے معتکفات کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں اللہ کے دین کی خدمت کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دین کی سربلندی اور فروغ و اشاعت کے لیے خواتین کا گھر سے باہر نکلنا حقیقی جہاد ہے۔ یہ جہاد ایک خاتون کا نہیں بلکہ ان کی یہ کاوش نسلوں اور معاشرے کو سنوار دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اعتکاف میں شریک خواتین اس لیے خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے دین کی خدمت کے لیے ان کا انتخاب کیا۔ اس خوش قسمتی پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے۔ آج معاشرے میں خواتین کی اسلامی تربیت کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلیں تباہ ہو رہی ہیں۔ اسلام سے دوری کا نتیجہ ہے کہ خواتین اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات کی بجائے ٹی وی اور سوشل میڈیا کی یلغار میں بہائے جارہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کے مشن سے وابستہ خواتین تربیت یافتہ ہیں، ان کی ذمہ داری ہے معاشرے کی اصلاح میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ اعتکاف میں شریک خواتین کی دوہری ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد اپنی علمی استطاعت کے مطابق معاشرتی رحجانات تبدیل کرنے کی تعلیم عام کریں۔ اس نشست کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top