منہاج ماڈل انگلش میڈیم سکول حویلی لکھا کی افتتاحی تقریب

مورخہ: 31 اگست 2008ء
(ایم ایس پاکستانی)

منہاج ماڈل انگلش میڈیم سکول حویلی لکھا ضلع اوکاڑہ کی افتتاحی تقریب مورخہ 31 اگست 2008ء کو منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض اور پروفیسر محمد رفیق سیال مہمان خصوصی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی شاہد لطیف قادری، کنٹرولر امتحانات سیف اللہ بھٹی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، محمد یاسر خان اور دیگر مرکزی قائدین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔ لاہور سے حویلی لکھا آمد پر تمام معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن حویلی لکھا کے عہدیدار ایک استقبالیہ ریلی کے ساتھ اپنے معزز مہمانوں کو سکول تک لائے۔ اس موقع پر سکول انتظامیہ کے علاوہ خاکی وردی میں ملبوس ننھے کیڈٹ بچوں نے اپنے معزز مہمانوں کو گاڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

شیخ زاہد فیاض، شاہد لطیف قادری اور تحریک منہاج القرآن حویلی لکھا کے دیگر معزز قائدین نے منہاج ماڈل سکول انگلش میڈیم کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر کیڈٹ بچے اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض اور شاہد لطیف قادری کو افتتاحی تقریب سے قبل ہار بھی پہنائے گئے۔ منہاج ماڈل انگلش میڈیم سکول کی نوتعمیر شدہ پر شکوہ عمارت میں بچوں کے لیے تمام تعلیمی سہولیات فراہم کی گئیں تھیں۔ ان میں ننھے بچوں کے لیے چھوٹی پلاسٹک کی کرسیاں، کھیل کا سامان اور تعلیم بذریعہ کھیل کے لیے ایک الگ ہال بھی بنایا گیا تھا جہاں پریپ کے بچوں کو کلاس کے ساتھ ساتھ کھیل کی سہولت بھی مہیا ہیں۔ میڑک تک کلاسوں کے لیے سائنس لیب اور دیگر تعلیمی سہولیات اس سکول کو علاقہ کے بہترین تعلیمی ادارہ کی حیثیت سے ممتاز کرتی ہیں۔ منہاج القرآن گرلز ماڈل سکول کے بعد تحریک منہاج القرآن حویلی لکھا کا یہ دوسرا تعلیمی منصوبہ ہے۔

سکول کی فیکلٹی تجرہ کار اور ماہر اساتذہ کرام پر مشتل ہے۔ معزز اساتذہ کرام میں خواتین کی اکثریت ہے۔ سکول میں پریپ سے لے کر میڑک تک انگلش میڈیم نصاب کے ساتھ تدریس کی جا رہی ہے۔ اختتامی تقریب سکول کے سامنے قائم کیے گئے ایک پنڈال میں منعقد کی گئی۔ اس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ پروگرام میں ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ایم ڈی منہاج ایجوکیشن سوسائیٹی شاہد لطیف قادری اور دیگر مرکزی قائدین کے علاوہ سکول کے پرنسپل اور مقامی قائدین نے بھی خطاب کیا۔ شیخ زاہد فیاض اور شاہد لطیف قادری نے تحریک منہاج القرآن حویلی لکھا کے اس منصوبہ کو بے حد سراہا اور انہیں اس پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماوں نے تحریک منہاج القرآن اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے منہاج ماڈل انگلش میڈیم سکول کی انتظامیہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ پروگرام کے آخر میں تحریک منہاج ماڈل انگلش میڈیم سکول حویلی لکھا کی طرف سے شیخ زاہد فیاض کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ اس پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

Top