صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی منگنی کی خوشی میں خصوصی تقریب

تحریر: ایم ایس پاکستانی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے فرزند ارجمند صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی منگنی یکم جنوری 2007ء کو سفیر یورپ الحاج حافظ محمد نذیر خان کی صاحبزادی سے طے پائی۔ سال نو اور عیدالفطر کے مبارک موقع پر منگنی کی یہ تقریب باقاعدہ طور پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی جس میں تحریک کے مرکزی قائدین اور دیگر احباب نے شرکت کی۔ اس تقریب سعید اور منگنی کی خوشی میں گذشتہ دنوں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کو خصوصی طور پر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے منعقد کیا۔ اس کا مقصد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی منگنی کی خوشی میں باقاعدہ طور پر مرکزی سٹاف کو شریک کرنا تھا۔

اس تقریب سعید کا آغاز حکیم محمد یونس نے تلاوت قرآن سے کیا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شکیل احمد طاہر نے پیش کی۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی سفیر یورپ علامہ محمد نذیر خان بھی موجود تھے، ان کے ساتھ امیر تحریک مسکین فیض الرحمٰن خان درانی، نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، کرنل (ر) محمد احمد، جی ایم ملک، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، علامہ محمد نواز ظفر، چوہدری محمد شریف، ڈاکٹر نذیر احمد رومانی، حاجی منظور حسین مشہدی، داؤد حسین مشہدی، محمد عاقل ملک، ساجد محمود بھٹی اور تحریک کے دیگر مرکزی قائدین اور تمام مرکزی سٹاف موجود تھا۔

تقریب میں شیخ زاہد فیاض نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب سعید کا مقصد صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی منگنی کی خوشی میں مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف کو باقاعدہ شریک کرنا تھا۔ اس لئے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے فوراً بعد اس کو منعقد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری اپنی تعلیم کے لئے دوبارہ بیرون ملک تشریف لے جا چکے ہیں۔ تاہم ہم سب آج کی خوشی میں شریک ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے یہ بھی بتایا کہ سفیر یورپ علامہ محمد نذیر خان بہت خوش قسمت ہیں کہ آج انہیں عمر بھر تحریکی زندگی کا وہ صلہ ملا ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ان کے خاندان سے حسین بھائی کی نسبت کی ہے۔ شیخ الاسلام نے یہ رشتہ و نسبت خالص دینی و تحریکی حوالے سے طے کیا ہے۔ اس سلسلہ میں یکم جنوری کو منگنی کی تقریب میں شیخ الاسلام نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے علامہ محمد نذیر خان کی خدمات اور ان کے گھرانے کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے یہ بھی بتایا کہ ان شاء اللہ شیخ الاسلام کے حکم کے مطابق اس سال جولائی میں مدینہ منورہ میں صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی شادی کی تقریب منعقد ہو گی۔ آخر میں انہوں نے علامہ محمد نذیر خان کو اپنی اور تمام مرکزی سٹاف کی طرف سے خصوصی مبارکباد بھی پیش کی۔

مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات کی نمائندگی کرتے ہوئے ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن محمد عاقل ملک، محمد شعیب مغل، ناظمہ ویمن لیگ فرح ناز، ناظم دعوت رانا محمد ادریس، ڈپٹی ڈائریکٹر امور خارجہ شکیل احمد طاہر، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور نائب امیر تحریک بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان نے اظہار خیال کیا۔ سب مقررین نے اس خوشی کا خصوصی طور پر اظہار کیا اور علامہ محمد نذیر خان کو مبارکبادیں پیش کیں۔ تقریب کے آخر میں فرانس سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مرکز کے تمام سٹاف اور علامہ محمد نذیر کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نجی مصروفیات کے باعث میں اس مبارک تقریب میں شریک نہیں ہو سکا لیکن مجھے بہت خوشی ہے کہ صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی منگنی ایک ایسے گھرانے میں ہوئی جس کی تحریک کے لئے بہت خدمات ہیں۔

آخر میں مہمان خصوصی علامہ محمد نذیر احمد خان نے مختصر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے اس سے بڑی سعادت کیا ہو گی کہ آج حضور شیخ الاسلام کے صاحبزادے کی نسبت میرے خاندان میں ہوئی ہے۔ میں اس پر آپ تمام احباب کی مبارکبادوں کو صدق دل سے قبول کرتا ہوں۔ تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ فیض الرحمٰن خان درانی نے خصوصی دعا سے کیا۔ اس پروقار تقریب کی کمپئرنگ علامہ محمد شکیل ثانی نے کی۔ آخر میں معزز شرکاء اور مہمانوں کو مٹھائی بھی کھلائی گئی۔

تبصرہ

Top