وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری کی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انہیں وفاقی وزیر مذہبی امور کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین اور خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنما موجود تھے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کی طرف سے انسداد دہشتگردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف فتویٰ کو انسانیت اور عالم اسلام کی ایک بڑی خدمت قرار دیا اور کہا کہ ادارہ منہاج القرآن کے فروغ امن اور علم کے حوالے سے قومی اور بین الاقوامی خدمات قابل تحسین ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے امت مسلمہ کو سینکڑوں تصانیف کی صورت میں جو علمی خزانے دئیے ہیں ان سے تشنگان علم کی پیاس بجھ رہی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ ربیع الاول کے مبارک مہینے میں 7 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلو پیڈیا پیش کیا جائیگا، یہ انسائیکلو پیڈیا ہزاروں موضوعات پر مشتمل ہے اور اس سے قبل اتنا ضخیم کام قرآنی علوم کے حوالے سے پہلے نہیں ہوا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور صبح 11 بجے ادارہ منہاج القرآن لاہور مرکزی سیکرٹریٹ آئے جہاں ان کا ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک، شہزاد رسول، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر نے استقبال کیا۔ وفاقی وزیر کو منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا، وفاقی وزیر گوشہ درود بھی گئے جہاں ان کا استقبال سید مشرف شاہ نے کیا۔

وفاقی وزیر نے بعدازاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین کے لیے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی خدمات اور ویژن سے استفادہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ امن پسند اور محب وطن علماء و مشائخ قومی یکجہتی اوراتحاد کی علامت اور ضمانت ہیں، دین اسلام کی پرامن تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم پاکستان اور عالم اسلام کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ڈاکٹر نورالحق قادری کی ملاقات کے موقع پر پرنسپل شریعہ کالج میجر (ر) خان محمد، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، علامہ رانا محمد ادریس، رانا محمد فاروق، علامہ لطیف مدنی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ میر آصف اکبر اور حفیظ الرحمن خان بھی موجود تھے۔

تبصرہ

Top