تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں کا کام تیزی سے جاری، شیخ الاسلام ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے

مورخہ: 20 مئی 2019ء

تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں اور تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکف شریک ہوں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کے لیے شہر اعتکاف میں تین دیوہیکل ایل ای ڈیز سکرین لگائی جارہی ہیں، بہترین ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا جارہا ہے۔ مرد جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں جبکہ خواتین منہاج گرلز کالج میں اعتکاف بیٹھیں گی۔ مرد و خواتین کی اعتکاف گاہ کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹ لگائے جائیں گے، گرمی سے بچاؤ کے لیے مسجد کے صحن کے دونوں اطراف چار فٹ قطر کے بڑے پنکھے لگائے جائیں گے۔ ہزاروں معتکفین کے لیے 25 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم ہمہ وقت شہر اعتکاف میں موجود ہو گی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی 10 ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف میں موجود رہیں گی۔ شہراعتکاف میں فجر کی نماز کے بعد متعکفین آرام کریں گے جبکہ اس کے بعد انفرادی اور اجتماعی معمولات کا سلسلہ ظہر تک جاری رہے گا۔

ٹاؤن شپ میں سربراہ اعتکاف کمیٹی جواد حامد نے شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج آئی ٹی بیورو، سوشل میڈیا اور منہاج ٹی وی کے ذریعے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونے والی دیگر محافل و سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ خواتین کی اعتکاف گاہ میں بھی دو بڑے سائز کی ایل ای ڈیز سکرینز لگائی جائیں گی۔

جواد حامد نے بتایا کہ ہزاروں متعکفین کے لیے سحری و افطاری کا وسیع انتظام کیا گیا ہے، کھانوں کی پکوائی کا عمل ایک نظم کے تحت چلتا رہے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ سحری اور افطاری کے لیے بنایا جانے والا تازہ کھانا بروقت معتکفین تک پہنچ سکے۔ پورے شہر اعتکاف میں ٹھنڈے پانی کا وسیع انتظام بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے بچنے کے لیے شہر اعتکاف میں ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر اعتکاف سمیت ملک بھر میں جہاں جہاں بھی اجتماعی اعتکاف ہورہے ہیں ان مقامات کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی سکیورٹی ٹی میں بھی اپنے فرائض انجام دیں گی۔ معتکفین کی سکیورٹی کے لیے اعتکاف گاہ میں مختلف جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کر دئیے گئے ہیں۔

شیخ الاسلام شہر اعتکاف میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے

شہرِ اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شہراعتکاف میں برطانیہ سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے، امسال شہر اعتکاف میں آپ کے خطابات اور دروس کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آپ کے دس روزہ دروس کا موضوع ’’غنیۃ الطالبین‘‘ اور ’’بدایۃ الہدایۃ‘‘ ہے۔

پانچ روز خطابات کا موضوع سیدنا غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی کی کتاب ’’غنیۃ الطالبین‘‘ کا آخری باب ہوگا جو کہ تصوف اور آداب و اخلاق پر مشتمل ہے۔ جو تعلیمات امام ابو عبد الرحمان السلمی، امام ابو القاسم القشیری، امام حارث محاسبی، امام غزالی اور دیگر ائمہ و صوفیاء نے دی ہیں، انہی تعلیمات کا مطالعہ ’’غنیۃ الطالبین‘‘ سے کیا جائے گا۔

شہر اعتکاف کے دروس کا دوسرا حصہ حجۃ الاسلام امام غزالی کی عظیم تصنیف ’’بدایۃ الہدایۃ‘‘ سے ہے۔ اپنے کیا پرائے بھی حجۃ الاسلام امام محمد غزالی کی علم و عمل، دانش و حکمت سے مزین تحریروں سے فیض یاب ہوتے رہے ہیں، ہو رہے ہیں اور تاقیامت ہوتے رہیں گے۔ علم و فن کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو حجۃ الاسلام کے ذکر کے بغیر مکمل ہوتا ہو۔ امام غزالی کی تصنیفات علمی و اصلاحی اعتبار سے بیمار نفوس کے لیے شفاء کلی ہیں۔ آپ کا اسلوب اور انداز بیان، کشف و روحانیت سے متعلق رہا ہے اور پڑھنے والوں کو تشکیک و ابہام سے نجات دلاتا ہے۔علم، ادب، روحانیت، اصلاح احوال کے باب میں آپ کا علمی حصہ بہت زیادہ اور نمایاں ہے۔

تبصرہ

Top