گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی محفل 6 جولائی 2019ء کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ روحانی محفل کے مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور تھے جبکہ اس موقع پر جواد حامد، مظہر علوی، سید مشرف شاہ، علامہ محمد لطیف مدنی، راجہ زاہد محمود، حافظ غلام فرید، رمضان ایوبی، حاجی محمد امجد و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی تقریب میں جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قرا و نعت خوان حضرات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے انسانیت کو جو نظام عطاء کیا ہے وہ ہر لحاظ سے مکمل ہے، احتساب کے بغیر عدل اجتماعی کا قیام ناممکن ہے، نظام کائنات آسمان سے لے کر زمین تک صرف اللہ کے عدل و انصاف کے بل بوتے پر قائم ہے، عدل و انصاف کے بغیر مثالی اور پرامن معاشرے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، اگر کسی معاشرے میں ادارے اور حکومت عدل و انصاف کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں اور ہر طرف بے انصافی ہونے لگے تو اللہ تعالیٰ اس قوم کو بدلنے کی قدرت رکھتا ہے، عدالتوں کا بروقت فیصلے کرنا اور مظلوموں کو انصاف دینے سے بھی عدل و انصاف پر مبنی ایک مثالی معاشرہ قائم ہو گا۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ اسلامی نظام احتساب میں کوئی بھی احتساب کے عمل سے بالاتر نہیں ہے، جو جس مقام، منصب پر ہے اس کیلئے اسی حساب سے احتساب کی گرفت موجود ہے، انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین کے دور میں بھی عدل و انصاف، قانون کی حاکمیت اور جواب دہی خلافت کے لازمی اجراء تھے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوموں کو انصاف دینے میں تاخیر کرنا بھی انصاف نہ دینے کے مترادف ہے اور ایسے عمل سے مجرموں کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کو بے رحمی سے قتل کیا گیا۔ 100 سے زائد لوگوں کو گولیاں سے چھلنی کیا گیا۔ شہداء کے لواحقین 5 سال سے انصاف کے متلاشی ہیں، حکمران ملک کوریاست مدینہ کی طرز پر چلانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم دہشتگردی، قتل و غارت گری کی اصل وجہ یہ ہے کہ مجرموں کی پکڑ نہیں ہے، ایک مسلمان ہونے کے ناطے عدل و انصاف قائم کرنے کی دوہری ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے اور ہمیں قانون و آئین کی بالادستی قائم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔

ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی میں گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کی رپورٹ پیش کی گئی۔ ماہ جون میں پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 9 ارب 46 کروڑ 68 لاکھ 44 ہزار اور 150 ہے۔ مجموعی طور پر 3 کھرب 8 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ 43 ہزار اور 52 ہے۔

تبصرہ

Top