منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام لائبریری سائنسز اور نالج اکانومی کے موضوع پر دورہ روزہ انٹرنیشنل کانفرنس

منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام لائبریری سائنسز اور نالج اکانومی کے موضوع پر دورہ روزہ انٹرنیشنل کانفرنس سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کمیشن راجہ یاسر ہمایوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں تحقیق پر مبنی تعلیمی ڈگریوں کی قدر ہے، پاکستان ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے طلبہ کو ریسرچ بیسڈ نالج کی طرف آنا ہوگا۔ حکومت سرکاری و نجی شعبہ میں کام کرنے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بین الاقوامی تعلیمی، تحقیقی معیار تک لانے کے لیے ہر ممکن وسائل اور تکنیکی مدد فراہم کرے گی۔ کانفرنس سے صوبائی وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو بامقصد تعلیم و تربیت فراہم کرنے والے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارمیشن مینجمنٹ کے شعبے میں جدید اصلاحات کی ضرورت ہے، ترقی،تحقیق اور ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔

بین الاقوامی کانفرنس کے پہلے روز کانفرنس کی صدارت ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کی، انہوں نے اہم اور اچھوتے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد کرنے پر منہاج یونیورسٹی لاہور کی ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے پہلے روز کانفرنس میں شرکت کرنے پر صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر فضل خالد اور آسٹریلیا، سری لنکا، نائیجیریا، ساؤتھ افریقہ سمیت ملک بھر کی نجی و سرکاری یونیورسٹیوں کے ممتاز سکالرز کو خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی اپنے طلبہ و طالبات کو بین الاقوامی کانفرنسز کے ذریعے عالمی سطح پر مختلف شعبہ جات میں ہونے والی تحقیق اور جدید ریسرچ کے بارے میں بین الاقوامی سکالرز کو مدعو کرکے آگاہ کرتی رہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ کی نظر دنیا کی ممتاز یونیورسٹیوں میں ہونے والی تحقیق پر مرکوز ہو۔

پہلے روز کانفرنس سے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری، پرووائس چانسلر ڈاکٹر شاہد سرویا نے بھی اظہار خیال کیا۔ نقابت کے فرائض ڈاکٹر سائرہ حنیف سرویا نے انجام دئیے۔ کانفرنس کی پینل ڈسکشن میں پی یو سے ڈاکٹر خالد محمود، بہاولپور سے ڈاکٹر روبینہ بھٹی، کامیسٹ سے ڈاکٹر محمد طاہر نجمی، ڈی جی نیشنل لائبریری سید غیورحسین، سرگودھا یونیورسٹی سے ڈاکٹر ہارون ادریس نے حصہ لیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق و دیگر رہنما شریک تھے۔ مہمانان گرامی کے اعزاز میں یونیورسٹی میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے عشائیہ دیا، عشائیہ میں ممتاز شاعر پروفیسر ناصر بشیر نے اپنے تازہ ترین کلام سے نوازا۔

مورخہ 20 ستمبر 2019ء اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ ہونگے۔ اس کے علاوہ مہمانان اعزاز پروفیسر ڈاکٹر کنول امین وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس، سابق چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین خصوصی شرکت کریں گے۔

تبصرہ

Top