سالانہ گیارہویں شریف و ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر 7 دسمبر 2019 کو سالانہ محفلِ گیارہویں شریف و ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد ہوا۔ روحانی مجلس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، جواد حامد، جی ایم ملک، عرفان یوسف، مظہر محمود علوی، علامہ جمیل احمد، سید مشرف علی شاہ، حافظ غلام فرید، رانا محمد ادریس، سید الطاف حسین شاہ، علامہ ظہیر احمد نقشبندی، علامہ فیاض بشیر و دیگر مرکزی قائدین اور گوشہ نشینان نے شرکت کی۔ لاہور اور گرد و نواح سے مرد و خواتین کی بڑی تعداد بھی اجتماع میں شریک تھی۔

محفل کا آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت و نعت سے ہوا، اس موقع پر امجد بلالی برادران، شکیل احمد طاہر اور دیگر ثناء خوانوں نے نعت خوانی کی۔ گوشہ درود کے وظائف پڑھے گئے۔ مرکزی نظامت دعوت تحریک منہاج القرآن کے سکالر علامہ رانا نفیس قادری نے بتایا کہ گوشہ درود میں ماہ نومبر کے دوران 9 ارب 1 کروڑ 69 لاکھ 48 ہزار اور 169 مرتبہ درود پاک پڑھا گیا، جبکہ مجموعی طور پر اب تک گوشہ درود کے نظام کے تحت 3 کھرب 65 ارب 30 کروڑ 5 لاکھ 60 ہزار اور 341 درود پاک کا نذرانہ بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے سالانہ گیارہویں شریف و ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی اصل ایمان ہے، ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر کوئی عبادت مکمل نہیں، عبادات کی قبولیت کی جڑ محبت و ادب مصطفی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن سیدنا غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا فیضان ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے فیوضات کا عالم یہ ہے کہ تصوف کے جملہ سلاسل و طرق آپ سے برابر فیض پارہے ہیں۔ ہر سلسلہ و طریقہ کے بانیان واکابرین نے آپ سے فیوضات حاصل ہے۔ سلسلہ چشتیہ کے خواجہ خواجگان سلطان الہند خواجہ معین الدین چشتی اجمیری نے بھی آپ سے براہ راست فیض پایا۔ جس وقت غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے بغداد کی جامع مسجد میں اذن الہٰی سے یہ ارشاد فرمایا: قدمی ھذہ علی رقبۃ کل ولی اللہ (میرا یہ قدم ہر ولی کی گردن پر ہے) تو اس وقت آپ خراسان کے پہاڑوں پر محو عبادت ہے۔ آپ نے ارشاد تسلیم کرنے میں مراقبہ کی حالت میں اپنا سر جھکایا اور کہا: قدماک علی عینی و راسی (آپ کے دونوں قدم میرے سر پر بھی اور آنکھوں پر بھی) حضور غوث پاک نے خواہ معین الدین چشتی کی اس تواضع پر انہیں فیض سے مالا مال کیا اور آپ کو سلطان الہند بنادیا۔ برصغیر پاک و ہند میں آپ کا سلسلہ کثرت سے پھیلا۔ لاکھوں سینوں کو ایمان کی دولت ملی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی بنیاد ہی ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نگر نگر دنیا کے ہر کونے میں ادب و عشقِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کر رہے ہیں۔

مجلس کے اختتام پر علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے دعا کی۔

تبصرہ

Top