فیصل آباد میں قائد ڈے کی مناسبت سے ’دانائے راز‘ سیمینار کا انعقاد

مورخہ: 03 مارچ 2021ء

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد اور اس کے ذیلی فورمز پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، منہاج القرآن علماء کونسل اور منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے 3 مارچ 2021ء کو ’دانائے راز‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل کی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، شیخ حماد مصطفی المدنی القادری تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے گرانقدر علمی، تحقیقی خدمات انجام دیں ہیں اور فکری اعتبار سے منتشر امت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں متحد کرنے کیلئے عملی کاوشیں کی ہیں۔ عقائد اسلامیہ کا تحفظ، علم و تحقیق کا فروغ اور اتحادِ امت تحریک منہاج القرآن کی شناخت ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے 21 ویں صدی میں تکفیریت کو قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں جڑ سے کاٹ کر نسلوں کے ایمان و عقائد کی حفاظت کی۔ شیخ الاسلام فی زمانہ فکرِ احناف کی سب سے معتبر اور توانا علمی آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کی اتحاد امت کے لیے کاوشیں تاریخ کا ایک سنہرا باب ہیں، ان کی سیکڑوں تصانیف بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو باہمی محبت کی ضرورت ہے۔ وسعت نظری اور وسعت قلبی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تنگ دلی اور تنگ نظری سے امت کو ہمیشہ نقصان ہی ہوا اور ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات سے نکل کر اتحاد و اتفاق کی طرف توجہ مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے اتحاد امت کے لیے تعلیمات دیں کہ مومن جسدِ واحد کی طرح ہیں جس طرح جسم کا کوئی حصہ تکلیف میں آئے تو پورا جسم تکلیف میں آ جاتا ہے اسی طرح ایک مومن کی تکلیف پر امت کو اس دکھ اور درد کو اپنے جسم میں محسوس کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے بھائی کی تکلیف کو محسوس نہیں کرسکتے تو پھر ہمیں اپنے ایمان کی فکر کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا شیخ الاسلام کی ایک عظیم خدمت قرآن ہے، فی زمانہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ناموس کا تحفظ و دفاع اگر کسی نے کیا ہے تو وہ شیخ الاسلام ہیں۔ انہوں نے کہا منہاج القرآن قرآنی فکر کو عام کر رہا ہے، منہاج القرآن کا فکری سفر علم، تحقیق اور امن کا سفر ہے۔

سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور شیخ الاسلام کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ سیمینار میں مرکزی عہدیداران انجینئر محمد رفیق نجم، چوہدری بشارت جسپال، ریحان مقبول، انیلہ الیاس ڈوگر سمیت رافعہ ملک میاں عبدالقادر، حاجی امین القادری، رانا طاہر سلیم، میاں کاشف، رانا رب نوازانجم، باجی اختر کلثوم، فرحت دلبر، سید شفاعت رسول، علامہ عزیزالحسن، رانا غضنفر علی، عمرفاروق، نعلین مصطفی، غلام محمد قادری اور دیگر ضلعی، پی پی حلقہ جات کے عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعدار شامل تھی۔ سیمینار میں آمد پر چیئرمین سپریم کونسل کا پرتباک استقبال کیا گیا۔

سیمینار کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور آپ کی صحت و سلامتی اور درازئ عمر کے لیے دعا کی گئی۔

رپورٹ: غلام محمد قادری

تبصرہ

Top