چیئرمین سپریم کونسل کا ’پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس‘ کے کامیاب انعقاد پر اظہارِ اطمینان

مورخہ: 19 اگست 2021ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر 18 اگست 2021ء کو منعقد ہونے والی ایمان افروز ’پیغام امام حسین علیہ السلام اور اتحاد امت کانفرنس‘ کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا منہاج القرآن اتحاد امت کا پلیٹ فارم ہے اور الحمد للہ شان اہلبیتِ اطہار علیہم السلام اور ان کی محبت و مودت کے بنیادی عقیدہ پر جملہ مکاتب فکر کا شبِ عاشور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اور قرآن و سنت کی روشنی میں شانِ اہلبیت علیہم السلام بیان کرنا اتحاد امت کا شاندار اور قابلِ رشک منظر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ذکر و محبتِ اہلبیتِ اطہار علیہم السلام کی برکت سے اتحادِ امت کے خواب کو ان شاءاللہ ضرور تعبیر ملے گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کانفرنس میں شرکت اور منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر سید ضیا اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مولانا عبدالستار نیازی، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ محمد جعفر شمسی، مفتی مبشر نظامی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبہ کو سراہا۔ کانفرنس کے مثالی انتظامات پر انہوں نے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، علامہ مفتی امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، ناظم اجتماعات جواد حامد اور ان کے معاونین کی خدمت کو سراہا اور دعا کی اللہ رب العزت اہلبیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت کے صدقے پاکستان اور عالم اسلام کی حفاظت فرمائے اور اہلِ اسلام کو اتحاد کی لڑی میں پروئے رکھے۔

تبصرہ

Top