منہاج یونیورسٹی لاہور، کانووکیشن، 1741طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں

آج کے طلباء کل کے راہ نما ہیں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کا خطاب
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کا خطاب
71طلبہ نے گولڈ میڈل، 134نے رول آف آنرز، 77 طلباء و طالبات کو میرٹ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا

MUL Convocation 2024 12 14

لاہور(14دسمبر 2024ء)منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام منعقدہ کانووکیشن میں 1741 پی ایچ ڈیز، ایم ایس، ایم فل، بی ایس اور اے ڈی پی مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو ڈگریاں اور اعزازات دئیے گئے۔ مختلف تعلیمی ڈگری پروگرامز میں 71 طلبہ کو گولڈ میڈل، 134 کو رول آف آنرز، اور 77 طلبہ کو میرٹ سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے طلبا و طالبات کو مبارک باد دی اور کہا کہ آج کے نوجوان کل کے لیڈر ہیں، یونیورسٹیوں کو درسگاہوں کے ساتھ ساتھ تربیت گاہیں بنانے سے ملک و قوم کا مستقبل روشن ہوگا۔ نوجوانوں میں یہ سوچ پیدا کرنا ہو گی کہ وہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے کیا کردار ادا کر سکتے ہیں؟۔ ڈگریاں فقط حصول روزگار نہیں بلکہ ملک و ملت کی تعمیر کرنے کاایک ذریعہ ہیں، اُستاد کا مقام والدین والا ہے، طلبہ کی تربیت اُسی نہج پر ہونی چاہیے جیسے والدین اپنے بچوں کی چاہتے ہیں۔

تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ممبر بورڈ آف گورنر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔

کانووکیشن سے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرحسین محی الدین قادری، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چودھری لطیف اکبر، ایڈیشنل سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن حسن ثقلین، رجسٹرار ڈاکٹر خرم شہزاد نے اظہار خیال کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ عملی زندگی میں ہمیشہ وقت کی قدر کریں، سخت محنت کو شعار بنائیں سمجھ دار لوگ بے مقصد گفتگو کرتے ہیں اور نہ وقت ضائع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی خیالات آپ کی صلاحیتوں، شخصیت اور ہر سطح کے باہمی تعلقات کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس سے گریز کریں، عقلمند لوگ خاندان اور سوسائٹی کی تعمیروترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیسے سے سب کچھ مل جاتا ہے مگر کردار، اعتماد، عزت، محبت وقار نہیں ملتا، عقل بھی علم کی مرہون منت ہے اس لیے نوجوان طلبہ پیسے کے پیچھے نہ بھاگیں پیسے تو ان پڑھ بھی کما لیتا ہے، ہمیشہ کردار اوروقار کو اولیت دیں۔ انھوں نے کہا کہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خداداد صلاحیتوں کا معترف ہوں انھوں نے علم حاصل بھی کیا، پریکٹس بھی کیا اور اب اپنے لائق صاحب زادوں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی صورت میں ٹرانسفر بھی کر رہے ہیں۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے ابتدائی کلمات ادا کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ایک سفر مکمل ہوا ہے تو ایک نئے سفر کا آغاز بھی ہوا ہے، منہاج یونیورسٹی لاہور کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی وژن کی آئینہ دار ہے۔ یونیورسٹی کے700 اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی ممبرز کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی میں پیش پیش ہیں جبکہ 25 ہزار طلبہ و طالبات مختلف ڈگری پروگرامز مکمل کر کے مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کانووکیشن، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد شاہد سرویا، بریگیڈیر(ر)محمد اقبال، سی ای او ڈسکور پاکستان چینل قیصر رفیق سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈینز، فیکلٹی ممبران اور ڈگری ہولڈر طلبہ کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

Top