شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کیلئے 496 کتب کا تحفہ

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے بین الاقوامی شہرت کی حامل علمی درسگاہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی لائبریری کے لئے 496 کتب کا تحفہ بھجوایا گیا، یہ کتب منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی ہدایت پر منہاج القرآن کے سینئر سکالر و راہنما ڈاکٹر علی وقار قادری اور نائب ناظم اعلیٰ چودھری عرفان یوسف نے دارالعلوم حقانیہ کے راہنماء مولانا راشدالحق سمیع کو پیش کیں۔

جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کی لائبریری کے لیے بھجوائی گئی کتب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی تحقیقی تصانیف شامل ہیں۔

جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے راہنما اور ’الحق‘ کے مدیر مولانا راشدالحق سمیع نے شکریہ کے ساتھ کتب کا تحفہ قبول کیا اور اس موقع پر تہنیتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضخیم و کثیر 496 کتب کا قیمتی تحفہ موصول ہوا، ان قیمتی کتب کا وعدہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خصوصی دورہ دارالعلوم حقانیہ کے موقع پر کیا تھا۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ نوجوان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اپنے والد گرامی پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرح انتہائی قابل، فاضل اور کثیر المطالعہ و کثیر التصانیف علمی شخصیت کے مالک ہیں اور تصنیف و تالیف کے میدان میں قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اب تک انگریزی، عربی اور اردو زبان میں 17 کتب تصنیف کر چکے ہیں اور ان کی مزید 12 کتب زیر طبع ہیں۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے تصنیفی کام کو بھی سراہا۔

مولانا راشدالحق سمیع نے وفد کو بتایا کہ دارالعلوم حقانیہ کے کتب خانہ میں گوشہ منہاج القرآن مخصوص کیا گیا ہے اور یہ تمام کتب اساتذہ و طلبہ کے مطالعہ کے لیے یہاں رکھی گئی ہیں۔ مولانا راشدا لحق سمیع نے کتب کو انمول اور قیمتی تحفہ قرار دیا اور معزز مہمانوں اور شیخ الاسلام ان کے لائق فائق فرزندان ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ان شاءاللہ خدمت دین کے دونوں اداروں کے مابین علمی، تصنیفی و تالیفی تعلق قائم رہے گا۔

اس موقع پر ڈاکٹر علی وقار قادری نے لاہور میں منعقدہ "درس ختمِ صحیح البخاری" میں جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے علماء کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام کا شاندار مستقبل علم و تحقیق اور خالصتا علمی مکالمہ کے ساتھ وابستہ ہے اور یہی نسبت اسلامی اخوت و محبت اور باہمی بھائی چارہ کی فضا کو پروان چڑھانے کا مضبوط ذریعہ ہے۔ فی زمانہ برادرانہ اخوت کے ماحول اور خیر سگالی کے جذبات کی پاکستان کو اشد ضرورت ہے۔ راہنماؤں نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر مولانا راشدالحق سمیع اورجامعہ کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

Shaykh-ul-Islam-Dr M Tahir ul Qadri gifts books to Darul Uloom Haqqania

تبصرہ

Top