یومِ ولادتِ امام حسین علیہ السلام کی مناسبت سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ تقریب کا انعقاد
ریحانۃ الرسول، امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام کے یومِ ولادت کی مناسبت سے 4 فروری 2025ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ذکرِ امام حسین علیہ السلام اور ان کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب ناظمِ اعلیٰ تنظیمات، انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کا اسوۂ مبارکہ ہر دور کے مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ علیہ السلام نے اپنی جان، اہل و عیال، اور اصحاب کی قربانی دے کر اسلام کی مٹتی ہوئی اقدار کو زندہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے امام حسین علیہ السلام کی ولادت پر مسرت کا اظہار فرمایا اور آپ کو جنتی نوجوانوں کا سردار قرار دیا۔
انجینئر محمد رفیق نجم نے اس بات پر زور دیا کہ تحریکِ منہاج القرآن کا خمیر، اہلِ بیت اطہار اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت اور ادب سے اٹھا ہے، اور یہی فکر ہمیں اعتدال، قربانی اور دینِ مصطفوی ﷺ کی سربلندی کا درس دیتی ہے۔
تقریب میں مرکزی نائب ناظمینِ اعلیٰ، سربراہانِ شعبہ جات، ناظمِ امورِ خارجہ جی ایم ملک، مرکزی قائدین اور اسٹاف ممبران نے شرکت کی۔
تبصرہ