لاڑکانہ، سندھ: شیخ الاسلام کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خطاب

Professor

لاڑکانہ میں سر شاہنواز بھٹو لائبریری میں منعقدہ شیخ الاسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اگر اللہ کی رضا چاہتے ہو تو کسی اللہ والے کے دل میں اپنی جگہ بنا لو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کے حصول کی کنجی یہ ہے کہ جن سے اللہ راضی ہو گیا ہے، ان سے جڑ جاؤ تاکہ اللہ تم سے بھی راضی ہو جائے۔

انہوں نے حضرت بایزید بسطامی کا قول بیان کرتے ہوئے فرمایا: 'اللہ رب العزت ہر روز 24 گھنٹے میں 70 مرتبہ اللہ کے ولی کے دل میں جھانکتا ہے۔ اس دل میں جس کو کثرت سے پاتا ہے، اللہ ان ناموں پر بھی رحمت نازل فرماتا ہے۔' انہوں نے وضاحت کی کہ صرف کتابیں ایمان کی حفاظت نہیں کرتیں بلکہ اللہ والوں کی صحبت ضروری ہے، کیونکہ ان کی صحبت ایمان کو زندہ کرتی ہے اور اعمال کو سنوارتی ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قرآن مجید کی آیت کی وضاحت میں کہا کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: 'ایسے لوگ جب ملیں تو ان کی صحبت میں بیٹھا کرو اور ان کے چہرے پر نظریں جمائے رکھا کرو۔' کیونکہ اللہ والوں کی صحبت میں بیٹھنے سے اخلاق سنورتے ہیں، آداب میں نکھار آتا ہے اور تقویٰ نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ مشن کا کام بھی صحبت کا ایک ذریعہ ہے اور اس کے ذریعے بندہ روحانی ترقی حاصل کرتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک علم، محبت، امن اور خدمت کی علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام کے دل میں جگہ بنانے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے شرکاء کو تاکید کی کہ اپنے علاقوں میں دین کی خدمت کریں، منہاج القرآن کی دعوت کو عام کریں اور زیادہ سے زیادہ افراد کو مشن سے وابستہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی علم، عمل اور روحانیت کا حسین امتزاج ہے۔ آپ نے پانچ سال کی عمر میں تہجد کی نماز کا اہتمام شروع کیا، جو آپ کی روحانی بلندی اور والدین کی بہترین تربیت کا مظہر ہے۔ بچپن سے ہی اللہ والوں اور علمائے کرام کی صحبت اختیار کی، ان کی مجلسوں میں بیٹھ کر علم و ادب کے خزانے سمیٹے۔

تعلیمی سفر میں آپ نے اسلامی و عصری علوم میں کمال حاصل کیا اور ہزاروں کتب تصنیف کیں، جن میں تفسیر، حدیث، فقہ، تصوف، اور سیرت النبی ﷺ جیسے موضوعات شامل ہیں۔ آپ کی تحریریں علمی دنیا میں سند کا درجہ رکھتی ہیں۔ آپ نے دنیا بھر میں اسلام کی حقیقی تعلیمات اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کیا۔

شیخ الاسلام نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی، جو علم، امن، محبت، اور خدمت کا علمبردار ادارہ ہے۔ آپ کی مجالس میں روحانی سکون اور معرفت کی کیفیت ہوتی ہے، اور آپ نے عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی زندگی کا محور بنایا۔

شیخ الاسلام کی شخصیت آج کے دور میں ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک عظیم نعمت ہے۔ آپ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو درازیٔ عمر، صحت اور مزید علمی و روحانی فیوض سے نوازے۔

آخر میں انہوں نے تحریک منہاج القرآن، ایم ایس ایم، منہاج یوتھ لیگ، منہاج القرآن علماء کونسل و جملہ فورمز کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

تقریب میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن صوبہ سندھ مظہر محمود علوی، حافظ وقار ناظم تنظیمات صوبہ بلوچستان، پیر سید غلام مصطفیٰ شاہ جیلانی، پیر محمد شاہ جہان حضوری، پیر سید محمد رفیع اللہ، صوفی غوث بخش فریدی، سیف اللہ بھنگر ایڈووکیٹ، سید حفیظ اللہ شاہ، یونس ڈھامرہ، عبدالعزیز شیخ، سید سجاد شاہ، سید غلام مجتبیٰ شاہ، دیداد علی سومرو، یاسر علی کھوسہ ایڈووکیٹ، علی قریشی سمیت علماء و مشائخ اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے قائدین و کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔

Professor

Professor

Professor

Professor

Professor

Professor

Professor

Professor

Professor

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری لاڑکانہ میں منعقدہ شیخ الاسلام کانفرنس میں شرکت کے دوران شریک علماء و مشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل کو معززینِ لاڑکانہ کی جانب سے سندھی ثقافت کی پہچان، اجرک اور کیپ بھی پہنائی گئی۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری لاڑکانہ میں منعقدہ شیخ الاسلام کانفرنس کے موقع پر شریک علماء و مشائخ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ہمراہ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی 74 ویں سالگرہ کا کیک کاٹ رہے ہیں۔

تبصرہ

Top